جرمن بجٹ بحران: یوکرین کی مدد متاثر نہیں ہو گی، وزیر خارجہ
5 دسمبر 2023جرمنی میں ماحول پسندوں کی گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے منگل پانچ دسمبر کے روز یورپی یونین کے رکن ملک سلووینیا کے دارالحکومت لبلیانہ کے ایک دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ درست ہے کہ جرمنی میں اس وقت مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے مابین یکم جنوری سے شروع ہونے والے نئے مالی سال کے لیے وفاقی بجٹ سے متعلق اختلاف رائے پایا جاتا ہے، تاہم اس وجہ سے برلن کی طرف سے روسی یوکرینی جنگ میں کییف کی مدد کا عمل متاثر نہیں ہو گا۔
جرمن فوج کو یورپ کے دفاع کے لیے 'ریڑھ کی ہڈی' ہونا چاہیے، جرمن وزیر دفاع
بیئربوک نے تاہم اس سوال کا کوئی واضح جواب نہ دیا کہ آیا کل بدھ کے دن تک چانسلر شولس کی حکومت میں شامل تینوں جماعتوں کے مابین بجٹ بحران سے متعلق کوئی فیصلہ کن اتفاق رائے طے پا جائے گا۔ وفاقی جرمن کابینہ کا ایک اجلاس کل چھ دسمبر کو ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ جرمن بجٹ سے متعلق بحرانی صورت حال کا حل جو بھی نکلے، اس سے یوکرین کی مدد کے عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
جرمنی: پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی خریداری کا منصوبہ تاخیر کا شکار
جرمنی میں یوکرینی مہاجرین: نصف اپنی ملازمتوں کے لیے زیادہ تعلیم یافتہ
انالینا بیئربوک کا کہنا تھا، ''ایک ایسے وقت پر جب یکے بعد دیگرے کئی بحران دیکھنے میں آ رہے ہیں، ہمیں مضبوط جمہوریتوں کے طور پر ہرحال میں یہ دکھانا ہو گا کہ ہم بحرانی حالات میں بھی اپنی پوری اہلیت کے مطابق فیصلے اور ان پر عمل درآمد کر سکتے ہیں۔‘‘
گرین پارٹی کی سیاست دان بیئربوک نے کہا کہ وفاقی جرمن چانسلر اولاف شولس، ترقی پسندوں کی فری ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور وفاقی وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈنر اور گرین پارٹی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اقتصادیات اور نائب چانسلر رابرٹ ہابیک اپنی پوری کوششیں کر رہے ہیں کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ 2024ء کا ''بجٹ جلد از جلد منظور کیا جا سکے۔‘‘
یوکرین کی تعمیر نو کے لیے روس کو ہی قیمت ادا کرنی ہو گی، جرمنی
بیئربوک نے کہا، ''جرمنی آئندہ بھی سلامتی امور میں ایک قابل اعتماد بین الاقوامی پارٹنر رہے گا، اس لیے کہ عالمی سطح پر سلامتی کو یقینی بنانے سے، جس کا تعلق یوکرین اور یوکرینی جنگ سے بھی ہے، جرمنی کی اپنی سلامتی بھی جڑی ہوئی ہے۔‘‘
وفاقی جرمن حکومت پہلے ہی یہ اعلان کر چکی ہے کہ وہ روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کی مدد کے لیے اپنی طرف سے امداد کی مالیت چار بلین یورو سے بڑھا کر اگلے برس آٹھ بلین یورو کر دے گی۔
م م/ا ب ا (ڈی پی اے)