جرمن زبان دنیا کے کن ممالک میں بولی جاتی ہے؟
کسی بھی زبان کا پھیلاؤ اس کی تاریخ کی عکاسی کرتا ہے۔ جرمن زبان کا ایک انڈو یورپین زبان سے نئی سلیس جرمن زبان تک کا سفر انتہائی طویل تھا۔ اس کی تاریخ بہت ہی پیچیدہ ہے اور اس کے ارتقا میں گوئتھے اور لوتھر کا اہم کردار ہے۔
لِشٹن اشٹائن
یورپ کے تین ممالک میں جرمن زبان بولی جاتی ہے۔ جرمنی، آسٹریا اور چھوٹا سا ملک لشٹن اشٹائن جس کا دارالحکومت وڈوز ہے ۔ اس ملک میں تقریباﹰ 35000 ہزار افراد جرمن بولتے ہیں، آسٹریا میں 7.5 ملین اور جرمنی میں، اس تعداد سے قریب دس گنا زیادہ۔
سوئٹزرلینڈ
سوئٹرزلینڈ کی چار سرکاری زبانوں میں سے ایک جرمن ہے۔ پانچ ملین افراد، جو کہ اس ملک کی آبادی کا تقریباﹰ دو تہائی حصہ بنتے ہیں، جرمن زبان استعمال کرتے ہیں۔ جرمنی سے سوئٹزرلینڈ ہجرت کرنے والی نامور شخصیات میں مصنف ہرمن ہیسے اور ایرک ماریا ریمارک مشہور ترین نام ہیں۔ جلاوطنی کے بعد سے ریمارک نے اپنی زندگی کے آخری لمحات جھیل میگیور کے قریب اس ولا نماک(بنگلے) میں گزارے۔
لُکسمبرگ
اسی طرح لکسمبرگ میں بھی لکسمبرگش اور فرانسیسی کے ساتھ جرمن سرکاری زبان ہے۔ یہاں کے تقریباﹰ 470000 شہریوں کی مادری زبان جرمن ہے۔ لکسمبرگش سن 1984 میں قومی زبان مقرر کی گئی۔ مقامی ریڈیو اور ٹیلی وژن پر یہ بطور مواصلاتی زبان استعمال کی جاتی ہے تاہم لکھنے کے اعتبار سے ’ہوخ ڈوئچ‘ یعنی سلیس جرمن بھی کافی زیادہ استعمال ہوتی ہے۔
بیلجیئم
بیلجیئم ان چھ ممالک میں سے ایک ہے جہاں ڈَچ اور فرانسیسی کے ساتھ ساتھ جرمن بھی سرکاری زبان ہے۔ مشرقی بیلجیئم کے صوبے لیوٹش کے شہر اوئپن میں تقریبا 75000 جرمن نژاد بیلجیئن رہتے ہیں۔ یورپ کے نو دیگر ممالک میں جرمن اقلیتوں کی ایک تسلیم شدہ زبان ہے۔
فرانس
فرانس میں 1.2 ملین افراد جرمن بولتے ہیں، جو کہ زیادہ تر دونوں ملکوں کے مابین سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں۔ ان کا لہجہ فرانکن اور المانک کے گہرے تلفظ پر مبنی ہوتا ہے۔ یہ تصویر ماضی میں یہاں پر جرمن انتظامیہ کی یاد دلاتی ہے۔
اٹلی
اطالوی صوبے جنوبی ٹیرول میں جرمن بطور اقلیتی زبان تسلیم کی گئی ہے۔ سن 1919 تک یہ صوبہ آسٹریا کا حصہ تھا۔ یہاں کی ساٹھ فیصد آبادی (520000) کی مادری زبان جرمن ہے۔ سڑکوں کے نام بھی اطالوی اور جرمن زبان میں درج ہیں۔
اسپین
یورپ میں ہجرت کے لیے اسپین، جرمنوں کا سب سے پسندیدہ انتخاب رہا ہے۔ پورے ملک میں ڈیڑھ ملین جرمن باشندے آباد ہیں۔ کینیری اور مایورکا جیسے ہسپانوی جزیروں پر جرمن باشندوں کی کالونیاں آباد ہیں۔
ہالینڈ
نیدرلینڈ میں بہت سی جگہوں پر، جیسے کہ یہاں وینلو میں بھی، قومی زبان ڈچ کے علاوہ جرمن زبان بولی اور لکھی جاتی ہے۔ اور یہ صرف سرحدی علاقوں تک محدود نہیں۔ ہالینڈ میں لگ بھگ 360000 جرمن باشندے مقیم ہیں۔ بہت سارے ڈچ اسکولوں میں جرمن بطور ’غیر ملکی زبان‘ سکھائی جاتی ہے۔
آئرلینڈ
آئرلینڈ میں بہت سارے ایسے مقامات ہیں جہاں جرمنوں کے آثار ابھی تک موجود ہیں۔ اٹھارویں صدی کے اوائل میں جرمن آرکیٹیکٹ ریشارڈ کاسل نے ڈبلن میں متعدد عمارتیں ڈیزائن کی ہیں۔ آئرلینڈ میں تقریباﹰ ایک لاکھ افراد جرمن زبان بولتے ہیں۔
اسرائیل
جرمنی سے اسرائیل ہجرت کرنے والے زیادہ تر یہودی باشندے جرمن زبان کا استعمال کرتے ہیں۔ آجکل، ایک لاکھ اسرائیلی جرمن بولتے ہیں۔ نازی دور کے تلخ واقعات کا منفی اثر جرمن زبان پر بھی رہا لیکن وقت کے ساتھ ساتھ جرمنی اور جرمن زبان میں اسرائیلیوں کی دلچسپی بڑھتی گئی۔
روس
روس میں جرمن زبان کی تاریخ 250 برس سے بھی زیادہ پرانی ہے۔ سن 1990 کے بعد 2.3 ملین روسی جرمنوں کا ایک بڑا حصہ جرمنی میں آباد ہوگیا۔ دوسری جانب روس میں 394000 جرمن نژاد افراد مقیم ہیں۔ تاہم ان تمام افراد کو جرمن زبان پر عبور حاصل نہیں ہے۔
قزاقستان
دوسری عالمی جنگ سے قبل قزاقستان میں 92 ہزار سے زائد جرمن افراد مقیم تھے۔ تاہم عالمی جنگ کے دوران چار لاکھ چوالیس ہزار جرمنوں کو قزاقستان جلاوطن کر دیا گیا۔ آج قزاقستان میں جرمن نژاد افراد کی دو تہائی آبادی جرمن بولتی ہے، ان کی تعداد تقریباﹰ ساڑھے تین لاکھ بنتی ہے۔
جنوبی افریقہ
جرمن شہریوں کے لیے جنوبی افریقہ ہجرت کا ایک پسندیدہ ترین ملک ہے۔ کیپ ٹاؤن میں ’زاور کراؤٹ ہل‘ کے نام سے ایک جرمن قصبہ بھی واقع ہے۔ جنوبی افریقہ میں ایک لاکھ سے پانچ لاکھ کے درمیان جرمن باشندے مقیم ہیں۔
امریکا
کورونا وائرس کی وبا سے پہلے تک ہر سال دس ہزار جرمن شہری امریکا منتقل ہوتے تھے۔ اندازوں کے مطابق امریکا میں جرمن زبان بولنے والے 1.1 ملین افراد مقیم ہیں۔
کینیڈا
سن 1940 سے چار لاکھ سے زائد جرمن شہری کینیڈا ہجرت کر چکے ہیں۔ کینیڈا میں جرمن زبان بولنے والوں کی کل تعداد 430000 بتائی جاتی ہے۔
برازیل
برازیل کی دس فیصد آبادی کے آباواجداد جرمن ہیں، جو 19ویں اور 20ویں صدی میں معاشی اور سماجی وجوہات کی بنا پر ہجرت کر گئے تھے۔ برازیل میں 1.1 ملین افراد جرمن زبان کا استعمال کرتے ہیں۔ برازیل کے شہر بلومیناؤ میں جرمن صوبے باویریا کا مشہور زمانہ اوکٹوبر فیسٹیول بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔
ارجنٹینا
20ویں صدی کے ابتدائی سالوں میں جرمنوں نے اپنی زبان بہت سارے جنوبی اور وسطی امریکی ممالک تک پہنچا دی۔ ارجنٹینا میں ایک اندازے کے مطابق چار لاکھ افراد جرمن زبان استعمال کرتے ہیں۔
پیراگوائے
جنوبی امریکی ملک پیراگوائے میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد جرمن بولنے والے افراد مقیم ہیں۔ پیراگوائے ہجرت کے لیے جرمنوں کا ایک من پسند مقام رہا ہے۔
نمیبیا
ان ممالک کے علاوہ جہاں جرمن سرکاری زبان کے طور پر رائج ہے،جرمن زبان کا دنیا بھر کے تقریباﹰ 45 ممالک میں گھر ہے۔ جرمنی کی سابقہ کالونی نمیبیا میں نوآبادیاتی دور کے اثرات موجود ہیں۔ ڈھائی ملین کی آبادی والے اس ملک میں آجکل بیس ہزار افراد جرمن بولتے ہیں۔