جرمن چانسلر میرکل، ٹائم میگزین کی ’پرسن آف دا ایئر‘
9 دسمبر 2015جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ امریکی جریدے ٹائم نے بدھ کے دن اعلان کیا کہ اس نے رواں برس کے ’پرسن آف دا ایئر‘ اعزاز کے لیے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو منتخب کیا ہے۔ اس وقت مسلسل تیسری مرتبہ جرمن سربراہ حکومت کے عہدے پر فائز اس خاتون سیاستدان نے مہاجرین کے بحران، یونان کے مالیاتی بحران اور یورو کرنسی کو لاحق ہونے والے خطرات کے دوران نہ صرف انتہائی قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا بلکہ انہوں نے یورپی یونین کو متحد رکھنے میں بھی انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔
میرکل ایسی چوتھی خاتون بن گئی ہیں، جنہیں اس معتبر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ قبل ازیں برطانوی ملکہ الزبتھ ثانی کو بھی یہ اعزاز دیا جا چکا ہے۔ امریکی جریدہ ٹائم 1927ء سے ہر سال کسی ایسی شخصیت کو ’پرسن آف دا ایئر‘ کا خطاب دیتا ہے، جس نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں انتہائی گراں قدر خدمات سر انجام دی ہوں۔
ٹائم نے رواں برس اس اعزاز کے لیے انگیلا میرکل کا انتخاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قدامت پسند خاتون سیاستدان نے مختلف بحرانوں کے دوران بھی یورپی یونین کو متحد رکھا۔ ٹائم کے مطابق جس طرح میرکل نے مہاجرین کو خوش آمدید کہا کہ وہ جدید تاریخ میں سب سے زیادہ فراخدالانہ عمل ہے۔
رواں برس جرمنی میں پناہ کے متلاشی افراد کی تعداد ایک ملین تک پہنچ چکی ہے۔ مہاجرین کے بحران پر ان کے ردعمل کو خود میرکل کے سیاسی اتحاد کی طرف سے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم میرکل ڈٹی ہوئی ہیں کہ اس مشکل وقت میں ان بے گھر افراد کی مدد کرنا یورپ کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے جرمنی کے لیے زیادہ سے زیادہ مہاجرین کی حد کے تعین کو بھی خارج از امکان قرار دے رکھا ہے۔
دوسری طرف امریکا میں ریپبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹائم میگزین کے اس فیصلے کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے ایک ایسی شخصیت کو اس اعزاز سے نوازا ہے، جو ’جرمنی کو تباہ‘ کر رہی ہے۔ ارب پتی بزنس مین اور امریکی صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ بھی ٹائم کے ’پرسن آف دا ایئر‘ کے مقابلے میں شریک تھے لیکن وہ اس تناظر میں تیسرے نمبر پر رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا، ’’میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ انتہائی فیورٹ ہونے کے باوجود ٹائم میگزین ’پرسن آف دا ایئر‘ کے لیے میرا انتخاب نہیں کرے گا۔ اس نے ایک ایسی شخصیت کا انتخاب کیا ہے، جس نے جرمنی کو تباہی کے راستے پر لا کھڑا کیا ہے۔‘‘ اس اعزاز کے لیے دیگر ’فیورٹ‘ شخصیات میں ایرانی صدر حسن روحانی اور انتہا پسند گروہ داعش کا رہنما ابوبکر بغدادی بھی شامل تھا۔
جرمن چانسلر کے ترجمان اشٹیفان زائبرٹ نے انگیلا میرکل کے لیے اس اعزاز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینی طور پر چانسلر میرکل اس اعزاز کو اپنی موجودہ ذمے داریوں کے عرصے کے دوران ’تقویت‘ تصور کریں گی۔