1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی افریقہ بھی کرکٹ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں

16 مارچ 2011

آئرلینڈ کو 131 رنز سے شکست دے کر جنوبی افریقہ کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی پانچویں ٹیم بن گئی ہے۔ دوسری طرف آئرلینڈ کی دوسرے مرحلے میں پہنچنے کی تمام امیدوں پر اب پانی پھر گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/10Zft
جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان گریم اسمتھتصویر: AP

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں منگل کو کھیلے جانے والے گروپ بی کے اس اہم میچ میں جنوبی افریقہ کی فتح کے بعد انگلینڈ کے لیے کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ آئرلینڈ کے خلاف فتح کے لیے جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ڈومینی کے 99 رنز نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، تاہم وہ اس حوالے سے بدقسمت رہے کہ محض ایک رن کے فرق سے وہ اپنی ون ڈے کیریئر کی تیسری سنچری نہ بنا پائے۔

گروپ بی کے سلسلے میں کھیلے جانے والے اس میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو شروع میں آئرلینڈ کے حق میں جاتا دکھائی دیا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم 117 رنز تک پہنچتے پہنچتے اپنی پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔ تاہم پھر ڈومینی اور ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ میدان میں اتارے جانے والے کولن انگرام نے اپنی ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا۔ ڈومینی 99 رنز پر جبکہ انگرام 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آئرلینڈ کی ٹیم نے جب اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اسے جیت کے لیے 273 رنز درکار تھے، تاہم اس کے بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔ گیری ولسن واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے 20 سے زائد رنز بنائے۔ انہوں نے 31 رنز اسکور کیے۔ آئرلینڈ کی پوری ٹیم 33.2 اوورز میں 141 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے مورکل اور روبن پیٹرسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ژاک کالس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Indien Bangalore Cricket WM
آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتصویر: UNI

اس جیت کے بعد جنوبی افریقہ گروپ بی میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست پہنچ گیا ہے۔ اس طرح جنوبی افریقہ کی ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پانچویں ٹیم بھی بن گئی ہے۔ اب تک دوسرے مرحلے میں پہنچنے والی باقی چاروں ٹیموں کا تعلق گروپ اے سے ہے اور ان میں نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، پاکستان اور سری لنکا شامل ہیں۔ سیمی فائنل کے سلسلے میں میچز کا آغاز 23 مارچ سے ہوگا۔

آج 16 مارچ کو ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں گروپ اے کی دو ٹیمیں آسٹریلیا اور کینیڈا مدمقابل ہوں گی۔ کرکٹ ورلڈ کپ 2011 کا سب سے بڑا اپ سیٹ اگر نہ ہوا تو آج کے میچ میں آسٹریلیا کی جیت کے واضح امکانات ہیں۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں