جینسن بٹن: فارمولا ون کے نئے عالمی چیمپیئن
19 اکتوبر 2009لاطینی امریکہ کے ملک برازیل کے کاروباری اور اقتصادی مرکز ساؤپاؤلو کے ریس ٹریک انٹر لاگوس پرگزشتہ روز فارمولا ون موٹر ریسنگ کی ایک اہم ریس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ برازیل گراں پری کا جہاں اختتام ہوا ہے وہیں ڈرائیونگ کی عالمی چیمپیئن شپ کا بھی فیصلہ ہو گیا ہے۔ برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن اب یقینی طور پر فارمولا ون موٹر ریسنگ کے عالمی چیمپیئن بن گئے ہیں۔ ابھی ایک فارمولا ون ریس باقی ہے جس کا مقام ابو ظہبی ہے۔
یہ ایک دلچسپ امر ہے کہ ڈرائیونگ چیمپیئن شپ پر ڈرائیور کانام ضرور تبدیل ہوا ہے لیکن ملک ایک ہی ہے۔ گزشتہ سال برطانوی ڈرائیور لوئیس ہملٹن نے آخری ریس ( سن 2008 میں برازیل گراں پری آخری ریس تھی) کے موقع پر ڈرامائی انداز میں چیمپیئن شپ جیتی تھی۔ اِس سال برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن نے انتہائی باوقار انداز میں عالمی چیمپیئن شپ کا اعزار حاصل کر لیا ہے۔ ڈرائیونگ میں اُن کی مہارت اور قابلیت کا سکہ اب ہر ایک نے تسلیم کر لیا ہے۔ خود جینسن بٹن نے اپنی کامیابی کو ناقابلِ یقین قرار دیا ہے۔
اب بارہ دِن بعد ابو ظہبی میں ہونے والے ٹریک پر عالمی چیمپیئن شپ میں دوسری پوزیشن کا فیصلہ ہونا رہ گیا ہے۔ برازیل گراں پری میں برازیل کے ڈرائیور رُوبن باریکیلو نے پول پوزیشن پر سب سے آگے سے ریس شروع کی تھی اِس توقع کے ساتھ کہ وہ کامیاب ہو کر عالمی چیمپیئن شپ کا اعزاز جینسن بٹن کو حاصل نہیں کرنے دیں گے لیکن قسمت اُن کے ساتھ نہ تھی۔ دوران ریس وہ کوئی بڑا امپکٹ چھوڑنے میں ناکام رہے اور اِس بیچ اُن کی گاڑی کا ٹائر بھی پنکچر ہو گیا جس نے اُن کی امیدوں پر اوس ڈال د ی۔
برازیل گراں پری کے دوران جینسن بٹن کی مہارت بھی کام آئی اور شروع کے راؤنڈ میں انہوں نے کچھ گاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ برازیل گراں پری کے آغاز پر بٹن کا مقام 14واں اور جرمن ڈرائیور سباسطیئن فیٹل کا 16واں تھا۔ برازیلی ڈرائیور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور جینسن بٹن نے ٹاپ ٹین میں داخل ہونے کے بعد اپنی کامیابی کو مستحکم کرلیا تھا لیکن ریس کے آخر میں اُن کی پانچویں پوزیشن نے اُن کی کامیابی کو یقینی بنا دیا۔
سباسطیئن فیٹل نے بھی انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ اِس پوزیشن کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ ابو ظہبی میں وہ مجموعی طور پر اپنی دوسری پوزیشن کو مزید استحکام دینے کی کوشش کریں گے کیونکہ عالمی چیمپیئن کا فیصلہ پہلے ہی ہو گیا ہے۔ دوسری پوزیشن کے لئے مقابلہ خاصا سخت دکھائی دیتا ہے جرمن ڈرائیور کے عالمی چیمپیئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پوائنٹ کی تعداد چوہتر ہے تو برازیل کے ڈرائیور روبن باریکیلو کے بہتر ہیں۔ فرق صرف دو پوائنٹ کا ہے۔ روبن باریکیلو کی گاڑی کا آخری لمحات میں ٹائر پنکچر ہونے سے وہ صرف آٹھویں پوزیشن پر اکتفا کر نے کے ساتھ ساتھ قیمتی پوائنٹس سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے۔
برازیل گراں پری میں کامیابی آسٹریلیئن ڈرائیور مارک ویبر کے حصے میں آئی۔ پولینڈ کے ڈرائیور Robert Kubica
دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور تیسری پوزیشن پر گزشتہ سال کے سابق دفاعی چیمپیئن لوئیس ہملٹن رہے۔ ساؤپاؤلو کے ریس ٹریک پر ڈرائیونگ کے دوران چھ ڈرائیور مختلف وجو ہات یا حادثات کی بنا پر مقابلے سے دستبردار ہونے پر مجبور ہو گئے تھے۔ اِن میں سابق عالمی چیمپیئن آلانسو بھی شامل ہیں۔
بران گاڑی نے موٹر کار چیمپیئن شپ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
فارمولا ون سیزن برائے سن دو ہزار نو کا اختتام پہلی نومبر کو ہوگا جب ابو ظہبی کے نئے ٹریک پر پہلی ریس کا انعقاد ہو گا۔ ابو ظہبی کا یاس مارینہ ٹریک خاصا دلچسپ اور چیلنجنگ قرار دیا جا رہا ہے۔