1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جی ٹونٹی سربراہی کانفرنس کا آغاز ہو گیا

30 نومبر 2018

دنیا کی 20 ترقی یافتہ اور ابھرتی اقتصادیات کے حامل ملکوں کے گروپ جی ٹوئنٹی کا تیرہواں سربراہ اجلاس باضابطہ طور پر شروع ہو گیا ہے۔ رواں برس یہ اجلاس جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/39EWt
Argentinien G20 Gipfel - Gruppenfoto
تصویر: picture-alliance/AA/Turkish Presidency/M. Cetinmuhurdar

اجلاس کا افتتاح ارجنٹائن کے صدر ماریسیئو ماتری نے کیا۔ یہ اجلاس ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب اس گروپ کے رکن ممالک کے درمیان مختلف معاملات پر شدید اختلافات موجود ہیں۔ اس دو روزہ کانفرنس کے مختلف سیشنز کے دوران کانفرنس میں شریک رہنما عالمی اقتصادی صورت حال، مشرق وسطیٰ اور چینی امریکی تجارتی جنگ کے علاوہ یوکرائن اور روس کے درمیان پیدا ہونے والے حالیہ تنازعے پر بھی غور کریں گے۔

امریکی اور روسی صدور کی ملاقات منسوخ

بیونس آئرس میں ہونے والے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے درمیان ملاقات طے تھی۔ تازہ اطلاعات کے مطابق اب یہ ملاقات منسوخ کر دی گئی ہے جس کی وجہ بحیرہ آزوف میں پیدا ہونے والے تنازعے کو قرار دیا گیا ہے۔

Argentinien G20 Gipfel - Putin und Trump
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن کے درمیان ملاقات منسوخ کر دی گئی ہے جس کی وجہ بحیرہ آزوف میں پیدا ہونے والے تنازعے کو قرار دیا گیا ہے۔تصویر: Reuters/M. Brindicci

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے سے قبل واشنگٹن میں کہا تھا کہ وہ بحیرہ آزوف میں پیدا شدہ صورتحال کے باوجود روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کر سکتے ہیں تاہم اس کا انحصار ان کے مشیروں کی طرف سے اس حوالے سے فراہم کی جانے والی رپورٹ پر ہو گا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

بیونس آئرس میں ہونے والے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی شریک ہیں۔ انہوں نے  اس سمٹ کے حاشیے میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔ بیونس آئرس میں ہوئی اس ملاقات میں محمد بن سلمان نے مودی کو بتایا کہ وہ بھارت میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بھارت کو پیٹرولیم مصنوعات اور آئل کی فراہمی کے لیے بھی تیار ہیں۔ سعودی ولی عہد اس سمٹ کے موقع پر امریکی اور چینی صدور کے علاوہ برطانوی وزیراعظم ٹریزا مے سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

Argentinien G20 Gipfel - Mohammed bin Salman
بیونس آئرس میں ہونے والے جی ٹونٹی سربراہی اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی شریک ہیں۔ تصویر: picture-alliance/dpa/V. Astapkovich

برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات میں وہ جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ اٹھانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ بیونس آئرس میں ہونے والی جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات طے ہے۔ خاشقجی کے قتل کے معاملے پر سعودی حکومت کو شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مصروفیات میں تبدیلی

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی بیونس آئرس میں مصروفیات کے شیڈول کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔ تاخیر سے پہنچنے کی وجہ سے وہ کئی لیڈروں سے طے شدہ ملاقات بھی نہیں کر سکیں گی۔ اُن کے جہاز کو اڑان کے کچھ دیر بعد تکنیکی خرابی کی وجہ سے کولون کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

Deutschland Merkel muss Flug zum G20 Gipfel abbrechen
میرکل کے جہاز کو اڑان کے کچھ دیر بعد تکنیکی خرابی کی وجہ سے کولون کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔ تصویر: picture-alliance/dpa/J. Blank

وہ اس ایمرجنسی کے بعد ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ کے ہوائی اڈے سے ایک کمرشل پرواز کے ذریعے بیونس آئرس روانہ ہوئی ہیں۔ اس تبدیلی کی وجہ سے اُن کے وفد کو بھی چھوٹا کر دیا گیا۔ یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا وہ ارجنٹائنی دارالحکومت میں امریکی و چینی صدور کے ساتھ ملاقات کر سکیں گی۔ جرمن چانسلر کے زیر استعمال ہوائی جہازا ایئربس کمپنی کا ہے اورسن 1999 میں تیار کیا گیا تھا۔

ا ب ا / ع ح (خبر رساں ادارے)