1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دبلے پتلے آدمی کے لئے بھاری بھر کم قیمت: نیا ریکارڈ

5 فروری 2010

کہاں تو آرٹ کی منڈی میں بحران کے تذکرے تھے اور کہاں صرف آٹھ منٹ میں سوئٹزرلینڈ کے مجسمہ ساز البیرٹو جیاکومیٹی کے تخلیق کردہ مجسمے نے کسی فن پارے کی نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت پر بکنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

https://p.dw.com/p/LuC9
نیویارک کے ماڈرن آرٹ میوزیم میںتصویر: picture alliance / dpa

کانسی سے بنے اس قدِ آدم مجسمے میں ایک دبلے پتلے انسان کو چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ سن 1961ء میں تخلیق ہونے والے اِس مجسمے کی قیمت کا اندازہ اٹھارہ ملین پاؤنڈ لگایا گیا تھا لیکن کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ یہ فن پارہ پینسٹھ ملین پاؤنڈ میں خرید لیا جائے گا اور یوں مہنگے ترین فن پارے کا پرانا ریکارڈ ٹوٹ جائے گا۔

Gemälde Junge mit Pfeife von Picasso
اب تک مہنگے ترین فن پارے کا اعزاز پبلو پکاسو کی اِس پینٹنگ کے پاس تھا۔تصویر: AP

اب تک کسی بولی میں سب سے زیادہ قیمت پانے والا شاہکار نامور ہسپانوی مصور پبلو پکاسو کا ’’بوائے وِد اے پائپ‘‘ تھا، جس کے لئے سن 2004ء میں 104,2 ملین ڈالر ادا کئے گئے تھے۔ لندن میں سوتھیبی کے نیلام گھر میں البیرٹو جیاکومَیٹی کے مجسمے کے لئے دی گئی قیمت 104,3 ملین ڈالر بنتی ہے۔

ایک زمانے میں یہ مجسمہ جرمن شہر فرینکفرٹ میں ڈریزڈنر بینک کی کئی منزلہ عمارت کی زینت تھا۔ اب اِسے کامرس بینک نے فروخت کیا ہے لیکن اِسے خریدا کس نے ہے، یہ بات بدستور ایک راز ہے۔ سن 1901ء میں جنم لینے والے جیاکومَیٹی نے یہ مجسمہ اپنے انتقال سے پانچ سال قبل تخلیق کیا تھا اور یہ بیسویں صدی کے مشہور ترین فنی شاہکاروں میں شمار ہوتا ہے۔

Alberto Giacometti
سوئٹزرلینڈ کے مجسمہ ساز البیرٹو جیاکومَیٹیتصویر: dpa

قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ شاید اِسے کسی چینی شخصیت نے خریدا ہو گا کیونکہ چند سال پہلے تک محض چینی فن پاروں میں دلچسپی لینے والے چینی ادارے اور شخصیات اب یورپی شاہکاروں کی خریداری کے سلسلے میں امریکہ اور یورپ کے آرٹ کولیکٹرز کے ساتھ مقابلہ بازی میں شریک ہو گئے ہیں۔

یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ خریدار روسی ارب پتی رومان ابرامووِچ ہے، جو ایک عرصے سے جیاکومَیٹی کے فن پاروں کا شیدائی ہے۔ یہ اور بات ہے کہ برطانوی جریدے ’’ڈیلی ٹیلی گراف‘‘ کے مطابق ابرامووِچ نے اِن رپورٹوں کی تردید کر دی ہے کہ یہ مجسمہ اُس نے خریدا ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: کشور مصطفےٰ