دنیا بھر کے 10 نئے اور بہترین عجائب گھر
سن 2022ء عجائب گھروں کے فن تعمیر کا سال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں نئے میوزیم بن رہے ہیں یا ان کی نئی شاخیں کھولی جا رہی ہیں۔ دنیا کے نئے بہترین میوزیم یہ ہیں۔
نیشنل میوزیم، ناروے
گیارہ جون کو اوسلو میں نارویجن نیشنل میوزیم کا افتتاح کیا گیا ہے۔ پانچ ہزار سے زائد نمونوں کے ساتھ یہ نورڈک خطے کا سب سے بڑا آرٹ میوزیم ہو گا۔ اس میوزیم میں دنیا کے مختلف ممالک کے آرٹ نمونے رکھے جائیں گے۔ ایڈورڈ میونخ کی مشہور زمانہ پینٹنگ ’دا سکریم‘ بھی اس میں رکھی جائے گی۔ اس میں شمالی یورپ کی سب سے بڑی آرٹ لائبریری اور آرکائیو بھی ہے۔
میوزیم آف فیوچر، دبئی
دبئی میں اعلیٰ عمارتوں کی کمی نہیں ہے لیکن اس نے بائیس فروری کو اپنے خزانے میں مزید اضافہ کیا ہے۔ یہ بیضوی عمارت ایک آنکھ سے مشابہ ہے اور سیاح یہاں مستقبل کی جھلک دیکھ سکتے ہیں۔ اس میوزیم میں مصنوعی ذہانت، خلائی تحقیق، موسمیاتی تبدیلیوں اور مستقبل میں زندگی گزارنے کے ممنکہ طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
کلونی میوزیم، فرانس
پیرس میں قرون وسطیٰ جیسے موضوع پر بنایا گیا یہ میوزیم کئی سالوں سے بند تھا لیکن مئی میں اسے عوام کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ یہ عمارت سابق رومن تھرمل باتھ کمپلیکس کے کھنڈرات پر بنائی گئی ہے۔ یہ کھنڈرات اور جدید فن تعمیر کا بہترین امتزاج ہے۔
پیلس میوزیم، ہانگ کانگ
پانچ سال کے بعد امید ہے کہ ہانگ کانگ پیلس میوزیم جولائی 2022ء میں کھول دیا جائے گا۔ تقریباً 900 روایتی چینی فن پارے یہاں نمائش کے لیے رکھے جائیں گے۔ ان میں شاہی نوادرات اور نایاب کتب بھی شامل ہوں گی۔ علاوہ ازیں کئی ملٹی میڈیا پروجیکٹ بھی اس میوزیم کا حصہ ہوں گے۔
استنبول ماڈرن، ترکی
سن 2004ء میں استنبول کے کاراکوئے واٹر فرنٹ پر ترکی میں جدید اور عصری آرٹ کا پہلا میوزیم کھولا گیا لیکن بعدازاں اسے ایک دوسرے کمپلیکس میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ اب اسے اطالوی معمار رینزو پیانو کی ڈیزائن کردہ ایک عمارت میں منتقل کیا جائے گا۔ اس میں ایک لائبریری، ایک ڈیزائن بوتیک اور ایک سنیما گھر بھی ہو گا۔
میوزیم آف براڈوے، امریکہ
نیو یارک تھیٹر انڈسٹری کی تاریخ کے لیے خصوصی طور پر وقف ایک میوزیم 2022ء کے موسم گرما میں ٹائمز اسکوائر پر کھلنا ہے۔ ویڈیوز اور دیگر تاریخی اشیاء تھیٹر کی تاریخ کو مزید یادگار بنائیں گی۔
گرینڈ میوزیم، مصر
گیزا کے اہرام کے بالکل ساتھ شیشے اور پتھروں سے بنی یہ عمارت تقریبا ایک کلومیٹر تک پھیلی ہوئی ہے۔ یہاں تقریبا ایک لاکھ اشیاء نمائش کے لیے رکھی جائیں گی۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا میوزیم ہو گا، جو کسی ایک تہذیب کے لیے وقف ہے۔ اس کا افتتاح رواں برس نومبر میں ہو گا۔
میوزیم آف آرٹ اینڈ فوٹوگرافی، انڈیا
میپ نامی یہ میوزیم رواں سال کے آخر تک جنوبی بھارتی شہر بنگلور میں کھولا جائے گا۔ تاجر ابھیشیک پودار کی کولیکشن میں سے 18 ہزار سے زائد نمونوں کی اس پانچ منزلہ عمارت میں نمائش کی جائے گی۔ ٹیکسٹائل، مجسموں اور پینٹنگز کے علاوہ میوزیم اپنی ویب سائٹ پر بھی ڈیجیٹل نمائشیں پیش کرے گا۔
سڈنی ماڈرن، آسٹریلیا
رواں برس اپنی 150ویں سالگرہ کے موقع پر سڈنی میں نیو ساؤتھ ویلز کی آرٹ گیلری کی توسیع کرتے ہوئے اس میں سڈنی ماڈرن میوزیم کو بھی شامل کر دیا جائے گا۔ سبز چھتوں، سولر پینلز اور بارش کے پانی کے دوبارہ استعمال سے یہ آسٹریلیا کی سب سے زیادہ پائیدار عمارتوں میں سے ایک ہو گی۔
روبوٹ سائنس میوزیم، جنوبی کوریا
روبوٹ سائنس میوزیم 2022ء کے آخر میں جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں کھلنے والا ہے۔ اسے روبوٹس اور ڈرونز کی مدد سے بنایا جائے گا جب کہ انسان اس عمل کی محض نگرانی کریں گے۔ اس میوزیم میں ورچوئل رئیلٹی، روبوٹکس، مصنوعی ذہانت اور ہولوگرام ٹیکنالوجی پر توجہ دی جائے گی۔