1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا میں اس وقت قریب چار سو صحافی حراست میں ہیں

14 دسمبر 2020

رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے اپنی سالانہ رپورٹ برائے سن 2020 کا اجرا کر دیا ہے۔ اس غیر حکومتی تنظیم نے واضح کیا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں قریب چار سو صحافی جیلوں میں مقید ہیں۔

https://p.dw.com/p/3mh8E
Berlin Demonstration bei Staatsbesuch Erdogan
تصویر: Imago/epd/R. Zoellner

رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے اس رپورٹ میں مختلف ممالک میں میڈیا کے افراد کے لیے مشکل حالات پر خاص فوکس کیا ہے اور بتایا کہ اس وقت مختلف ملکوں میں تین سو ستاسی صحافی اور میڈیا کارکن جیلوں میں پابند ہیں۔

اس رپورٹ میں چین کے علاوہ بیلا روس میں صحافیوں اور ذرائع ابلاغ کے افراد کے لیے مجموعی صورِت حال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ کئی مقید صحافیوں کو علالت کی وجہ سے مناسب طبی سہولیات تک رسائی نہ ملنے پر بھی افسوس ظاہر کیا ہے۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ صحافی مصری جیلوں میں

رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے بیلا روس میں صدارتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی کوریج کے دوران گرفتار ہونے والے صحافیوں کے حوصلے کی تعریف بھی کی۔ بیلا روس میں حکومتی کریک ڈاؤن میں تین سو ستر صحافیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان میں سے بیشتر کو بعد ازاں رہائی دے دی گئی تھی۔

صحافیوں کے لیے خطرناک ملک

رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کے مطابق دنیا بھر میں 387 کے قریب صحافیوں میں سے نصف پانچ ممالک میں مقید ہیں۔ ان میں ایک سو سترہ صحافی اس وقت چین کی مختلف جیلوں میں پابند ہیں۔ اس کے بعد بقیہ چار ملکوں میں سعودی عرب، مصر، ویت نام اور شام ہیں۔ میکسیکو بھی ایک انتہائی خطرناک ملک ہے جہاں منظم جرائم پیشہ گروپس اپنے مخالف صحافیوں کو قتل کرنے سے گریز نہیں کرتے۔

Mexiko Journalist vor dem Haus erschossen
یہ تصاویر ان صحافیوں کی ہیں، جو میکسیکو میں اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران قتل کر دیے گئےتصویر: Getty Images/AFP/Y. Cortez

کورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی ایک سو تیس میڈیا افراد کو بیماری کو کنٹرول کرنے کے ناقص انتظامات اور بیمار افراد کو طبی سہولیات نہ ملنے کی رپورٹنگ کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے چودہ کو جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

صحافیوں کی مشکلات کے بارے میں تفصیلات رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کی جرمن آفس سے منسلک کاتیا گلوگیر نے صحافیوں کی گرفتاریوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور درپیش دھمکی امیز صورت حال کی مذمت کی ہے۔

سینسر شپ اور ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ

کورونا وائرس کی وبا کے دوران ہونے والی گرفتاریوں کے حوالے سے کاتیا گلوگیر کی ساتھی سلویا اہرینس اوربان نے بتایا کہ زمبابوے میں ایک صحافی ہوپ ویل چینونو کو اس وجہ سے گرفتار کیا گیا کہ انہوں نے حکومت کی طرف سے کووڈ کی ایک دوا کی مبینہ فروخت کو رپورٹ کیا تھا۔

Berlin Benefizkonzert zumInternationalen Tag der Pressefreiheit
رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے اپنی سالانہ رپورٹ میں بتایا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں 387 صحافی جیلوں میں ہیںتصویر: Getty Images/J. MacDougall

چینونو کئی مہینوں سے جیل میں ہیں اور ان کی درخواست برائے ضمانت کو ماتحت عدالت نامنظور کرتی چلی آ رہی ہے۔ رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز کے نمائندوں نے صحافیوں کو اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ہونے والی گرفتاریاں اور پھر بعض پر فوجداری مقدمات شروع کرنے کو ایک افسوس ناک امر قرار دیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن یا گرفتاریوں سے آزادئ صحافت کو محدود کر دیا جاتا ہے۔پاکستانی صحافیوں کی ’سیلف سنسرشپ‘ اور خوف

سزائیں، پھانسیاں اور اغوا

ایران میں رواں برس کے دوران یکم دسمبر تک پانچ صحافیوں کو حکومت مخالف رپورٹنگ کی الزامات کی پاداش میں پھانسی گھاٹ پر پہنچایا گیا۔ آخری پھانسی بارہ دسمبر کو روح اللہ زم کو دی گئی۔ ان کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے سن 2017 اور 2018 میں حکومت مخالف مظاہروں کی حمایت کی تھی اور ان کی خصوصی کوریج کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔

 زم کو چودہ اکتوبر کو بیرون ملک سے واپس پہنچنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ایسی رپورٹیں بھی ہیں کہ روح اللہ زم کو عراق میں گرفتار کر کے جبری طور پر ایران منتقل کیا گیا تھا۔ رپورٹرز وِدآؤٹ بارڈرز نے برطانیہ کی جیل میں مقید صحافی اور وکی لیکس ویب سائٹ کے بانی جولیان اسانج کی مسلسل خراب ہوتی صحت کے حوالے سے بھی اپنی تشویش ظاہر کی ہے۔

اسانج اس وقت انتہائی سکیورٹی کی جیل بیلمارش میں ہیں۔  صحافیوں سے متعلق سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ شام، عراق اور یمن میں میڈیا سے وابستہ چون افراد کو اغوا کیا گیا اور ان میں سے کئی کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔

الیکس بیری، مارسیل فورسٹناؤ (ع ح، ع ب)