1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کی چودہ بلند ترین پہاڑی چوٹیاں سر کرنے والا پہلا جوڑا

مقبول ملک اے ایف پی
12 مئی 2017

اٹلی کا ایک کوہ پیما جوڑا تمام چودہ بلند ترین پہاڑی چوٹیاں سر کرنے والا دنیا کا پہلا جوڑا بن گیا ہے۔ اس اطالوی جوڑے نے یہ منفرد ریکارڈ جمعرات گیارہ مئی کو نیپال میں اناپورنا کی پہاڑی چوٹی سر کرتے ہوئے قائم کیا۔

https://p.dw.com/p/2cpsb
Himalaya Annapurna
تصویر: imago/McPhoto/Lovell

اطالوی دارالحکومت روم سے جمعہ بارہ مئی کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی رپورٹوں کے مطابق عالمی سطح پر پہلی مرتبہ یہ کارنامہ انجام دینے والے کوہ پیما اٹلی کے رومانو بَینیٹ اور ان کی اہلیہ نِیویس مِیروئے ہیں، اور دونوں کی عمریں 55 برس ہیں۔

ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی کم عمر ترین لڑکی کی کہانی

جعلی کوہ پیما جوڑے پر نیپالی حکومت نے پابندی عائد کر دی

ایورسٹ کو سات بار سر کرنے والی دنیا کی پہلی خاتون ایک نیپالی

اطالوی اخبار ’کوری ایرے دے لا سیرا‘ نے لکھا ہے کہ اس کوہ پیما جوڑے نے نیپال میں 8,091 میٹر یا 26,545 فٹ بلند چوٹی اناپورنا کو جمعرات 11 مئی کے روز سر کیا اور ان دونوں نے نہ تو اس چوٹی تک پہنچنے کے لیے آکسیجن  استعمال کی اور نہ ہی اپنا سامان اٹھانے والے کسی معاون کی مدد حاصل کی۔

اس طرح اس یورپی جوڑے نے اب مشترکہ طور پر دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، جو اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آیا تھا۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ رومانو اور ان کی اہلیہ نے جس طرح ہمالیہ کے پہاڑی سلسلے میں اناپورنا کو سر کیا، باقی 13 بلند ترین چوٹیاں بھی انہوں نے اسی طرح آکسیجن اور مال بردار معاونین کے بغیر ہی سر کی تھیں۔

اس کارنامے کے بعد نِیویس مِیروئے نے نیپال سے اٹلی میں اپنی بہن لائلہ کو بتایا، ’’سطح سمندر سے 7,200 میٹر کی بلندی سے اناپورنا کو سر کرنے کے آخری مرحلے کا آغاز انتہائی مشکل تھا لیکن اس کے بعد حاصل ہونے والی منزل انتہائی خوبصورت تھی۔‘‘

دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ (8,848 میٹر) کے علاوہ اناپورنا اور کے ٹو (8,611 میٹر) عالمی سطح پر کوہ پیماؤں کے لیے سب سے مشکل اور خطرناک ترین پہاڑی چوٹیاں سمجھی جاتی ہیں۔

رومانو اور نِیویس سے قبل صرف 34 کوہ پیماؤں نے دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جو سب کی سب 8,000 میٹر سے زیادہ اونچی ہیں۔ لیکن ان قریب تین درجن کوہ پیماؤں میں سے صرف نصف نے یہ کام آکسیجن استعمال کیے بغیر کیا تھا۔ اب یہ دونوں اطالوی شہری یہ کارنامہ سر انجام دینے والا دنیا کا پہلا جوڑا بن گئے ہیں۔