1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دو افغان صوبوں میں طالبان کے حملے، 37 سکیورٹی اہلکار ہلاک

14 نومبر 2017

افغانستان کے دو مختلف صوبوں میں طالبان عسکريت پسندوں کے مختلف حملوں کے نتیجے میں کم از کم 37 افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہيں۔ یہ حملے افغانستان کے مشرقی اور جنوبی صوبوں میں کیے گئے۔

https://p.dw.com/p/2na4i
Afghanistan Selbstmordanschlag in Gardez
تصویر: Getty Images/AFP/F. Zahir

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ طالبان کی طرف سے یہ حملے سکیورٹی فورسز کی مختلف چیک پوسٹوں پر کیے گئے۔ صوبہ قندھار کی پوليس کے ترجمان مطيع اللہ ہلال کے مطابق طالبان کے ايک گروہ نے اس صوبے کے ژری اور ميوند نامی اضلاع ميں پندرہ مختلف چيک پوائنٹس پر حملہ کيا۔ ہلال کے مطابق، ’’22 پولیس اہلکار ہلاک اور 15 دیگر اہلکار ان حملوں میں زخمی ہوئے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ يہ حملے پير کی شب کیے گئے اور لڑائی کا سلسلہ منگل کی صبح تک جاری رہا۔

قندھار پولیس کے ترجمان مطیع اللہ ہلال نے ڈی پی اے کو مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کی طرف سے ان حملوں ميں خودکش بمبار اور بھاری اسلحے کا استعمال کیا گیا۔ افغان سکيورٹی فورسز کی جوابی کارروائی ميں 45 عسکريت پسند ہلاک اور 35 ديگر زخمی  ہوئے۔

اسی دوران افغانستان کے مغربی صوبہ فراہ میں بھی طالبان عسکریت پسندوں نے آج منگل 14 نومبر کو علی الصبح افغان فوج کی دو چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ یہ حملے ضلع بالا بلوک میں کیے گئے۔ فراہ کی صوبائی کونسل کی ایک خاتون رکن جمیلہ امینی نے ڈی پی اے کو بتایا، ’’بدقسمتی سے 15 فوجی ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔‘‘ امینی نے مزید بتایا کہ ایک چیک پوسٹ کچھ وقت تک کے لیے طالبان کے قبضے میں بھی رہی تاہم افغان فورسز نے بعد ازاں فضائیہ کی مدد سے اس چیک پوسٹ کا قبضہ دوبارہ واپس حاصل کر لیا۔

طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمد نے دونوں صوبوں میں کیے جانے والے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے افغان فورسز کے بھاری جانی نقصان کا دعویٰ کیا۔

Afghanistan Polizei - Symbolbild
پیر کے روز بھی طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے فراہ کے صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھےتصویر: Getty Images/AFP/W. Kohsar

پیر 13 نومبر کے روز بھی طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے فراہ کے صوبائی دارالحکومت میں سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں آٹھ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ ڈی پی اے کے مطابق افغانستان بھر میں طالبان عسکریت پسندوں کی جانب سے رات کے اوقات میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹس اور بیسز پر حملوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید