’’روس اور چین الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘
8 اگست 2020امریکا کے 'نیشنل کاؤنٹر انٹیلیجنس اینڈ سکیورٹی سینٹر‘ (این سی ایس سی) کے ڈاریکٹر ولیم ایوانینا کی طرف سے جمعے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں اس یقین کا اظہار کیا گیا ہے کہ روسی صدر دفتر کریملن سے وابستہ کچھ شخصیات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی مدد کر رہی ہیں جبکہ ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کی انتخابی مہم کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
امریکی کاونٹر انٹیلیجنس کے سربراہ ایوانینا نے کہا کہ بیرونی ممالک امریکا میں ووٹروں کی ترجیحات بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک کی کوشش ہے کہ امریکی پالیسیوں پر اثرانداز ہوں، ملک میں بے چینی پھیلائیں اور جمہوری عمل میں لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائیں۔
امریکی انٹیلیجنس سربراہان کا مؤقف رہا ہے کہ روس نے سن دو ہزار سولہ کے صدارتی انتخابات میں بھی مداخلت کی تھی اور انٹرنیٹ پر غلط فہمیوں پر مبنی خبروں کی مہم چلا کر ڈونلڈ ٹرمپ کو فائدہ پہچانے کی کوشش کی تھی۔ تاہم روس ان الزامات سے انکار کرتا ہے۔
ساتھ ہی امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس بار چین کی خواہش ہے کہ صدر ٹرمپ دوبارہ منتخب نہ ہوں اور اس کے لیے وہ ووٹنگ سے پہلے اپنا اثر رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکی انٹیلجنس حکام کے مطابق، روس اور چین کے علاوہ ایران بھی امریکی عوام میں گمراہ کن مواد پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
تاہم کاونٹر انٹیلیجنس کے سربراہ نے کہا، ''ہمارے دشمنوں کے لیے بہت مشکل ہوگا کہ وہ بڑے پیمانے پر ہمارے ووٹنگ کے نتائج میں مداخلت کریں یا انہیں بدلنے کی کوشش کریں۔‘‘
جمعے کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ وہ انتخابات میں مداخلت روکنے کے لیے کیا کررہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ان اطلاعات پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ روس امریکی صدارتی الیکشن میں مداخلت کی کوشش کر رہا ہو لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ تاثر رد کیا کہ کریملن انہیں جتوانے کی کوئی کوشش کر رہا ہوگا۔
امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر بیڈمنسٹر میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر نے دعویٰ کیا کہ، ''روس نہیں چاہے گا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس منصب پر ہو، کیونکہ روس پر جتنا میں سخت رہا ہوں اتنا پہلے کبھی کوئی نہیں رہا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ الیکشن ہار گئے، تو چین کو بہت خوشی ہوگی۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ ان کے حریف جو بائیڈن کی جیت کی صورت میں 'چین ہمارے ملک کا مالک بن بیٹھے گا‘۔
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے بدھ کو ایک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ انتخابات میں بیرونی مداخلت سے متعلق انٹیلیجنس معلومات امریکی عوام کے سامنے رکھی جائیں، جس کے بعد ولیم ایوانینا نے نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ممکنہ غیر ملکی مداخت کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کیا۔
پلوسی اور انٹیلیجنس کمیٹی کے چیئرمن ایڈم شیف نے جمعے کے دن کہا کہ وہ مطمئن ہیں کہ مسٹر ایوانینا نے ان کی بات سنتے ہوئے عوام کے لیے اضافی معلومات جاری کی ہیں لیکن ساتھ ہی کیلی فورنیا کے ان دونوں ڈیموکریٹ سیاستدانوں نے چین اور ایران کو روس جتنا بڑا خطرہ قرار دینے پر ایوانینا کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
ش ج، ع ب (اے پی، اے ایف پی)