سری لنکا میں ایسٹر کے موقع پر بم حملے، کب کیا ہوا
سری لنکا میں مسیحیوں کے تہوار ایسٹر کے موقع پر تین بڑے گرجا گھروں اور تین ہوٹلوں پر ہونے والے حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد ڈیڑھ سو سے تجاوز کر گئی، جب میں کئی سو افراد زخمی ہوئے۔
گرجا گھروں میں دھماکے
سری لنکا میں ایسٹر کے روز یہ حملے اس وقت ہوئے جب سینکڑوں مسیحی ان گرجا گھروں میں عبادت میں مصروف تھے۔
تین مختلف مقامات
ان دھماکوں میں سری لنکا کے مغرب میں دارالحکومت کولمبو اور اس کے نواحی علاقے نیگومبو کے علاوہ ملک کے مشرقی علاقے باٹیکالوآ میں تین گرجا گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔
شدید نقصان
حکام کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں سینٹ سباستیان چرچ میں ہوئیں، جہاں چرچ کی چھت بھی تباہ ہو گئی جب کہ اس گرجا گھر میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
جرمن دفتر خارجہ کی جانب سے اظہار یکجہتی
جرمن وزارت خارجہ کی جانب سے اس حملوں پر گہرے دکھ کے اظہار کے ساتھ جرمن شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ان دوستوں اور رشتہ داروں سے متعلق اطلاعات جرمن حکام کو فراہم کریں، جو اس وقت سری لنکا میں ہیں۔
ایسٹر پر سوگ
سری لنکا میں لوگ ایسٹر کے تہوار کے موقع پر خوشی اور جشن میں مصروف تھے کہ ان حملوں نے فضا کو سوگ وار بنا دیا اور لوگ اس موقع پر روتے اور ایک دوسرے کو تسلیاں دیتے نظر آئے۔
سکیورٹی سخت
ان بم دھماکوں کے بعد ملک بھر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ سری لنکا کے صدر نے ملک کے تمام اہم مقامات پر پولیس کے خصوصی دستوں کے علاوہ فوج کی تعیناتی کے احکامات بھی جاری کر دیے۔
چرچ پولیس کے حصار میں
ان حملوں کے بعد متاثرہ گرجا گھروں کو پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے اپنے حصار میں لے لیا۔ ان واقعات کی تفتیش کے لیے فوج کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔