1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سری لنکا کی ٹیم پر حملے میں ملوث جنگجو ’افغانستان میں ہلاک‘

21 مارچ 2017

افغانستان میں کیے گئے امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں لاہور میں سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم پر حملے میں ملوث مشتبہ جنگجو مارا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ بغیر پائلٹ کے اس طیارے نے اتوار کے دن افغان صوبے پکتیکا میں یہ حملہ کیا۔

https://p.dw.com/p/2ZgFA
Symbolbild US Drohne
تصویر: picture alliance/AP Photo/S. Helber

خبر رساں ادارے روئٹرز نے پاکستانی سکیورٹی ذرائع اور عسکریت پسندوں کے قریبی حلقوں کے حوالے سے اکیس مارچ بروز منگل بتایا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں سے متصل افغان صوبے پکتیکا میں انیس مارچ اتوار کے دن کیے گئے ایک امریکی ڈرون حملے میں قاری محمد یاسین مارا گیا۔ یہ جنگجو استاد اسلم کے نام سے بھی جانا جاتا تھا۔ بم سازی کے ماہر اس جنگجو کو سن دو ہزار نو میں لاہور میں کیے گئے اس حملے میں ملوث قرار دیا جاتا تھا، جس میں سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم کی بس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملہ، مزید ملزمان گرفتار

لاہور حملہ، ایک مبینہ دہشت گردگرفتار

سری لنکن ٹیم پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہوگئی ہے، پاکستانی حکّام

پاکستانی حکام کے مطابق جنگجوؤں کے خلاف وسیع تر کریک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے پاکستانی شدت پسندوں نے افغانستان میں پناہ لے لی ہے تاہم کابل حکومت ایسے بیانات کو مسترد کرتی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس امریکی ڈرون حملے میں خود کش حملہ آوروں کی تربیت کے ماہر محمد یاسین کے ہمراہ تین دیگر عسکریت پسند بھی مارے گئے۔

دوسری طرف کابل میں امریکی فوج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اتوار کے دن پکتیکا میں ایک ڈورن حملہ کیا گیا، جس میں جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس بیان میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

Cricket Spieler aus Sri Lanka werden nach Anschlag in Lahore Pakistan mit Helicopter evakuiert
تصویر: AP

پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے محکمے نے یاسین کے سر کی قیمت دو ملین روپے رکھی ہوئی تھی۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یاسین سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے میں ملوث تھا۔ کہا جاتا ہے کہ مبینہ طور پر اس حملے کی منصوبہ بندی لشکر جھنگوی نے کی تھی۔

یاسین کی ہلاکت کی تصدیق لشکر جھنگوی سے الگ ہونے والے ایک جنگجو دھڑے العالمی نے بھی کی ہے۔ اس گروہ کے ترجمان علی بن صفیان کے مطابق یاسین افغانستان میں کیے گئے ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔

صفیان نے مزید کہا کہ اس حملے کے جواب میں مبینہ طور پر بلوچستان میں پاکستانی فوج پر حملہ بھی کیا گیا۔ تاہم اس حوالے سے کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ پاکستانی پولیس نے گزشتہ برس کہا تھا کہ سن دو ہزار نو میں سری لنکا کی ٹیم پر حملے میں ملوث تین جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔