1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سنسنی خيز مقابلے کے بعد پاکستان کی افغانستان کے خلاف فتح

30 جون 2019

ليڈز ميں کھيلے گئے ميچ ميں ايک سنسنی خير مقابلے کے بعد پاکستان نے افغانستان کو تين وکٹوں سے شکست دے دی۔ يوں کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء ميں پاکستان کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات اب بھی موجود ہيں۔

https://p.dw.com/p/3LL66
ICC Cricket World Cup | Pakistan vs. Afghanistan
تصویر: Action Images via Reuters/L. Smith

ليڈز کے ميدان پر کھيلے گئے ميچ ميں پاکستان نے 49.4 اوورز ميں سات وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز اسکور کرتے ہوئے افغانستان کے خلاف اپنا اہم ميچ تين وکٹوں سے جيت ليا۔ يوں پوائنٹس ٹيبل پر اب پاکستان چوتھی پوزیشن رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ٹيم کے ورلڈ کپ 2019ء کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کے امکانات اب بھی موجود ہيں۔ رواں برس کرکٹ کا ورلڈ کپ انگلينڈ کی میزبانی میں کھیلا جا رہا ہے۔ اب اس ٹورنامنٹ کی اگلی منزل قریب ہے اور سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی چار ٹیمیں سیمی فائنلز کے دو میچ کھیلیں گی۔

پاکستانی اننگز

افغان بالروں کی نپی تلی بالنگ نے پاکستانی بیٹسمین کو کھل کر اسکور کرنے کا موقع نہیں دیا۔ خاص طور اسپن بالروں محمد نبی، مجیب الرحمان، راشد خان اور سمیع اللہ شنواری کو پاکستانی بیٹسمین مناسب انداز میں کھیلنے سے قاصر رہے۔ محمد نبی اپنے دس اوورز میں دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان پہلے اوور کی دوسری گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے تھے۔ اس کے بعد بابر زمان اور امام الحق کے درمیان بہتر رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ افغان بالر محمد نبی نے پہلے امام الحق کو چھتیس اور بابر زمان کو پینتالیس کے اسکور پر آؤٹ کر کے پاکستانی ٹیم اور تماشائیوں کو پریشان کر دیا۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ محمد حفیظ صرف انیس اور حارث سہیل ستائیس کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد کو نجیب اللہ زدران نے رن آؤٹ کر دیا۔ پھر عماد وسيم نے کافی دباؤ ميں انچاس رنز کی شاندار اننگز کھيل کر ٹيم کو کاميابی سے ہمکنار کرايا۔ اس اننگز پر انہيں مين آف دا ميچ بھی قرار ديا گيا۔

ICC Cricket World Cup | Pakistan - Afghanistan | Ikram Ali Khil mit Sarfaraz Ahmed
پاکستان اور افغانستان کا میچ انتہائی سنسنی خیز قرار دیا گیاتصویر: picture-alliance/empics/N. French

افغان اننگز

افغانستان کی ٹیم کے کپتان گلبدین نائب نے ٹاس جیت کر پہلے بيٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ دراز قد نوجوان فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بالنگ کی وجہ سے افغان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 227 رنز بنا سکی۔ سب سے زیادہ اسکور اصغر افغان اور نجیب اللہ زدران نے کيا، دونوں نے بياليس بياليس رنز اسکور کيے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور عماد وسیم نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عامر کوئی بھی کھلاڑی آؤٹ نہیں کر سکے۔ وہ اس وقت ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالروں میں سے ایک ہیں۔ ایک افغان بیٹسمین کو شاداب خان نے آؤٹ کيا۔

پاک افغان تماشائیوں میں جھگڑا

لیڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ کے دوران تماشائیوں میں بے تابی اور بےچینی کے سبب جھگڑے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔ بعد ازاں سوشل ميڈيا پر بھی چند ايسی ويڈيوز گردش کرتی رہيں، جن ميں شائقين کو جھگڑتے ديکھا جا سکتا ہے۔ جھگڑے کی ایک وجہ امکاناً ایک بینر بنا جس پر 'بلوچستان کے لیے انصاف چاہیے‘ لکھا ہوا تھا۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق يہ جھگڑے میچ شروع ہونے پر ہی ہو گئے تھے۔

گراؤنڈ کی سکیورٹی کی مداخلت سے صورت حال خراب تر ہونے سے بچ گئی۔ ایک پاکستانی صحافی پر بھی تماشائیوں کی جانب سے جھگڑے کی ویڈیو بنانے پر حملہ کیا گیا۔ ان چھوٹے چھوٹے جھگڑوں کی تصدبق مغربی یارک شائر کی پولیس نے بھی کی ہے۔

ٴع ح / ع س، نيوز ايجنسياں