سن 2010 سے 2020ء تک کے اہم مستعمل جرمن الفاظ
رواں برس کے لیے جرمنی میں کورونا وبا سے جڑی اصطلاح کو سال کا بہترین لفظ قرار دیا گیا ہے۔ ہر سال کے بہترین اور مقبول ترین لفظ کا انتخاب ایسوسی ایشن برائے جرمن زبان کرتی ہے۔
سن 2020: کورونا پینڈیمی
کووڈ انیس کی وبا کے تناظر میں رواں برس کا جرمن لفظ ’کورونا پینڈیمی‘ یا کورونا وبا قرار دیا گیا ہے۔ جیوری نے دوسری پوزیشن ’لاک ڈاؤن‘ کے لفظ کو دی ہے۔
سن 2019: ریسپیکٹ رینٹے
جرمنی میں سن 2019 کے دوران نئے پینشن قوانین میں تبدیلی کے تناظر میں اس لفظ کا انتخاب کیا گیا کیونکہ عوام میں ان قوانین کو پسند نہیں کیا گیا تھا۔ اس کے بعد الیکٹرک اسکوٹر کی وجہ سے جرمن شہروں میں ایک طرح کی افرا تفری پیدا ہوگئی جس سے لوگوں کو پریشانی لاحق تھی اور اس کے لیے لفظ ’رولرکااؤس‘ (Rollerchaos) استعمال ہوا۔ تیسرا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا لفظ "فرائی ڈے فور فیوچر" تھا۔
سن 2018: ہائیس سائیٹ
ہائیس سائیٹ کی اصطلاح سے مراد گرم زمانہ یا Warm age ہے۔ یہ ’آئیس ایج‘ کا الٹ ہے۔ اس کا انتخاب سن 2018 میں شدید گرم موسم کے تناظر میں کیا گیا تھا۔
سن 2017: جمائیکا آؤس
جمائیکا اتحاد سے مراد جرمن مخلوط حکومت سازی کی بات چیت ہے۔ اس میں سیاہ رنگ دو حلیف سیاسی جماعتوں یعنی سی ڈی یو اور سی ایس یو کا ہے اور زرد سے مراد ایف ڈی پی ہے جبکہ سبز گرین پارٹی سے منسوب ہے۔ سن 2017 میں یہ تینوں پارٹیاں حکومت سازی کی بات چیت میں ہفتوں مصروف رہیں لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی تھی۔ اس باعث ’جمائیکا آؤس‘ سے مراد جمائیکا آؤٹ ہے۔
سن 2016: پوسٹ فاکٹِش
یہ اصطلاح ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد سامنے آئی تھی۔ اس سے مراد جعلی اور جھوٹی خبروں کا پھیلانا تھا۔ ایک مرتبہ تو جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی اس کا استعمال کیا۔
سن 2015: فلُؤشٹلنگے
اس جرمن لفظ کا مطلب ریفیوجی یا مہاجر ہے۔ سن 2015 میں لاکھوں افراد یورپ میں داخل ہوئے تھے۔ اس کے بعد سن 2015میں دوسرا لفظ ’ژہ سوئی چارلی‘ یعنی ’میں چارلی ہوں‘ ہے۔
سن 2014: لشٹ گرینسے
اس کا معنی سرحد کی روشنی ہے۔ سن 2014 میں اس لفظ یا اصطلاح کے انتخاب کی وجہ دیوارِ برلن کے انہدام کی پچیسویں سالگرہ کے موقع پر سابقہ مقام پر نصب کی جانے والی روشنیاں تھیں۔
سن 2013: گروکو
یہ لفظ سن 2013 میں وسیع تر جرمن مخلوط حکومت کے قیام کے نتیجے میں سامنے آیا۔ یہ لفظ اصل میں ’Grosse Koalition‘ کا مخفف ہے۔ یہ مخلوط حکومت میرکل کی قدامت پسند سیاسی اور حلیف جماعتوں سی ڈی یو اور سی ایس یو نے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ قائم کی تھی۔
سن 2012: ریٹونگزروٹین
اس اصطلاح کا مطلب ’بچاؤ کی روٹین‘ ہے۔ سن 2012 میں یورپی اقتصادیات کو مسلسل مالی امدادی پیکج فراہم کیا گیا تھا۔ کئی ممالک کو کساد بازاری کا سامنا تھا ۔ ان میں یونان خاص طور پر نمایاں تھا۔
سن 2011: اسٹریس ٹیسٹ
یہ لفظ بھی سن 2011 میں پیدا کساد بازاری اور مشکل اقتصادی صورت حال کے دور میں بینکوں کے مجموعی حالات جانچنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا اور پھر یہ زبان زدِ عام ہو کررہ گیا۔ اس کا استعمال عوام الناس نے ہر معاملے میں پیدا تاخیر کے تناظر میں شروع کر دیا۔
سن 2010 :وُوٹ بُئرگر
اس کے معنی ’غصیلہ شہری‘ کے ہیں۔ سن 2010 میں کئی سیاسی فیصلے عوامی آراء کے بغیر کیے گئے تھے اور اس باعث عام لوگوں میں غم و غصہ پیدا ہو گیا تھا۔ اس کیفیت کے حامل شہریوں کو ’وُوٹ بُئرگر‘ کہا جاتا تھا۔