سولہ ممالک نے يورپی فٹ بال چيمپئن شپ کے ليے کواليفائی کر ليا
17 نومبر 2019آئندہ برس کھيلی جانے والی يورپی فٹ بال چيمپئن شپ ميں مجموعی طور پر چوبيس ٹيميں شرکت کريں گی، جن ميں سے سولہ کا تعين ہو چکا ہے۔ بيلجيم، اٹلی، روس، پولينڈ، يوکرائن، اسپين، انگلينڈ، چيک ریپبلک، فرانس، فن لينڈ، سويڈن اور ترکی پہلے ہی کواليفائی کر چکی تھيں جب کہ ہفتے کی شب کھيلے جانے والے کواليفائنگ ميچز کے بعد آسٹريا، جرمنی، ہالينڈ اور کروشيا نے بھی اس ٹورنامنٹ کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔
جرمنی کی قومی فٹ بال ٹيم نے يورو 2020 کے ليے شاندار انداز ميں کواليفائی کيا۔ بيلاروس کے خلاف اپنا ميچ جرمن ٹيم نے چار کے مقابلے ميں صفر گول سے جيتا۔ ميؤنشن گلاڈباخ ميں ميزبان ٹيم کے ليے پہلا گول ميچ کے اکتاليسويں منٹ ميں ماتھياس گنٹر نے کيا۔ دوسرا ہاف شروع ہونے کے چار منٹ بعد ہی ليون گوريٹسکا نے جرمن ٹيم کے ليے ايک اور گول اسکور کر ديا۔ ميچ کے پچپن ويں منٹ ميں ٹونی کروس نے اپنا پہلا اور پھر اختتام سے سات منٹ قبل اپنا دوسرا گول بھی اسکور کر ديا۔ جرمن ٹيم اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ گروپ سی ميں سرفہرست ہے۔ کوچ يوآخم لؤو کی ٹيم اپنا اگلا ميچ آئندہ منگل کو آئرلينڈ کے خلاف کھيلے گی۔
تين مرتبہ يورو چيمپئن شپ کی فاتح جرمن فٹ بال ٹيم نے تيرہويں مرتبہ اس ٹورنامنٹ کے ليے کواليفائی کيا ہے۔ ميچ کے بعد ايک مقامی ٹيلی وژن چينل سے بات چیت کرتے ہوئے کوچ لؤو نے کہا، ''يہ ايک اچھا ميچ تھا۔ ميں ٹيم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔‘‘ لؤو کے بقول وہ زیادہ تر نوجوانوں پر مشتمل ٹيم تشکيل دے رہے ہيں۔
پوائنٹس ٹيبل پر تازہ ترين پوزیشنیں
اس ہفتے کھيلے جانے والے ميچز کے بعد گروپ اے ميں اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ انگلينڈ پہلی اور چيک ریپبلک پندرہ پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزيشن پر ہے۔ گروپ بی ميں يوکرائن انيس پوائنٹس لے کر سرفہرست ہے جبکہ پرتگال چودہ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ گروپ سی ميں جرمنی پہلے اور ہالينڈ دوسرے نمبر پر ہے۔ ڈنماک پندرہ اور سوئٹزرلينڈ چودہ پوائنٹس کے ساتھ گروپ ڈی ميں سرفہرست ٹيميں ہيں۔ گروپ ای ميں کروشيا اور ہنگری جبکہ گروپ ايف ميں اسپين اور سويڈن کی ٹيميں سب سے اوپر ہيں۔ گروپ جی ميں پولينڈ بائيس جبکہ آسٹريا انيس پوائنٹس لے کر پہلی اور دوسری پوزيشنوں پر براجمان ہيں۔ گروپ ايچ ميں فرانس اور ترکی، گروپ آئی ميں بيلجيم اور روس اور گروپ جے ميں اٹلی اور فن لينڈ سر فہرست ٹيميں ہيں۔
يورو فٹ بال چيمپئن شپ کب اور کہاں کھيلی جائے گی؟
يورو فٹ بال چيمپئن شپ آئندہ برس بارہ جون تا بارہ جولائی مختلف يورپی شہروں ميں کھيلی جائے گی۔ ٹورنامنٹ کے گروپ اسٹيج کے ميچز لندن، ايمسٹرڈم، بلباؤ، بوڈاپسٹ، کوپن ہيگن، بخاریسٹ، گلاسگو، ڈبلن، سينٹ پيٹرز برگ، باکو، روم اور ديگر چند شہروں ميں کھيلے جائيں گے۔ چار کواٹر فائنل ميچز تين اور چار جولائی کو سينٹ پيٹرز برگ، ميونخ، باکو اور روم ميں کھيلے جائيں گے۔ سيمی فائنل میچ لندن ميں سات اور آٹھ جولائی کو ہوں گے جبکہ يورو 2020 کا فائنل لندن ميں بارہ جولائی کو کھيلا جائے گا۔
ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں