سکیورٹی معاملات سے نمٹنا ضروری ہے، میرکل
23 اگست 2016خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بتایا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل، فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ اور اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی نے بائیس اگست بروز پیر روم میں ہونے والی ایک اہم ملاقات میں کئی اہم معاملات پر بات چیت کی۔ ان میں مہاجرت کا بحران، دہشت گردی کے خطرات اور برطانیہ کے یورپی یونین سے اخراج کے بعد کی صورتحال شامل ہیں۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں تینوں رہنماؤں نے البتہ اعتراف کیا کہ سکیورٹی کے حوالے سے یورپی بلاک کو ابھی کئی اہم سوالات کا جواب ڈھونڈنا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ روم میں ہونے والے ان مذاکرات سے قبل تینوں رہنما وینتوتینے بھی گئے، جو یورپی یونین کے جائے پیدائش کی ایک علامت تصور کیا جاتا ہے۔ یہ وہی مقام ہے، جہاں اس یورپی بلاک کے ایک بانی ایلتیرو سپینالی Altiero Spinelli نے دوسری عالمی جنگ کے دوران یورپی اتحاد کے لیے ایک مینوفیسٹو تحریر کیا تھا۔
ماتیو رینزی مذاکرات سے قبل اپنے مہمانوں کو سپینالی کی آخری آرام گاہ لے گئے، جہاں ان کی لحد پر پھول چڑھائے گئے۔ بعدازاں میرکل، اولانڈ اور رینزی کو اطالوی ایئر کرافٹ کیریئر ’گیریبالڈی‘ کے ذریعے اس مقام پر لے جایا گیا، جہاں مذاکرات منعقد ہوئے۔
گیریبالڈی ایئر کرافٹ کیریئر انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف بحیرہ روم میں فعال ہے۔ یہ ایئر کرافٹ کیریئر نہ صرف مہاجرین کو اسمگل کرنے والے مجرمان کے خلاف سرگرم ہے بلکہ ’آپریشن صوفیہ‘ کے تحت یہ اقوام متحدہ کی طرف سے لیبیا پر اسلحے کی پابندی کو ممکن بنانے کے لیے لیبیا کے ساحلی محافظوں کو بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
مذاکرات کے بعد واپسی کے سفر میں گیریبالڈی ایئر کرافٹ کیریئر پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میرکل نے کہا کہ ان مذاکرات میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے، جن میں اسلام پسندانہ دہشت گردی بھی شامل تھی۔ میرکل نے کہا، ’’اسلام پسند دہشت گردی اور شامی خانہ جنگی کے تناظر میں ہمیں اپنی داخلی اور خارجی سکیورٹی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔‘‘
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی صدر اولانڈ نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کے تناظر میں سکیورٹی کی بنیادی ذمہ داری یورپی بلاک کو سنبھال لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی ممالک کو سکیورٹی پر تعاون بڑھانا چاہیے، پبلک اور پرائیویٹ سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے اور ساتھ ہی نوجوانوں کو ملازمتوں کو مواقع مہیا کرنے کے لیے اقدامات اٹھانا چاہییں۔
میرکل، اولانڈ سے ملاقات سے قبل اطالوی وزیر اعظم ماتیو رینزی نے اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا، ’’یہ آسان ہے کہ تمام تر الزام یورپ پر عائد کر دیا جائے‘‘۔ آن لائن نیوز لیٹر میں شائع ہونے والے اس آرٹیکل میں یورپی یونین کو درپیش متعدد چینجلز کے تناظر میں رینزی نے مزید لکھا، ’’یہ مشکل ہے کہ ایک مختلف یورپ تخلیق کیا جائے، جہاں بنیادی اقدار کو بڑے مالی فوائد پر فوقیت دی جائے۔‘‘