1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شامی مہاجرین کے لیے پوپ فرانسِس کی تین گاڑیاں نیلام

عاطف توقیر
27 ستمبر 2016

پولینڈ میں رواں برس جولائی میں ايک کیتھولک خیراتی ادارے کی جانب سے منعقدہ ورلڈ یوتھ ڈے کے دوران پوپ فرانسِس کے زیر استعمال گاڑیوں کو فروخت کيا جا رہا ہے تاکہ اس کی آمدن سے شامی مہاجرین کی مدد کی جا سکے۔

https://p.dw.com/p/2QdIJ
Polen Weltjugendtag 2016 in Krakau Papst Franziskus
تصویر: picture alliance/AA/O. Marques

کیتھولک خیراتی ادارے کاریتاس کا کہنا ہے کہ جولائی میں پوپ فرانسِس نے اپنے دورہ پولینڈ کے موقع پر تین گاڑیاں استعمال کی تھیں اور اب ان گاڑیوں کو بولی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ کیتھولک خیراتی ادارے کے پولستانی چیپٹر کے مطابق یہ بولی آن لائن ہو گی اور نو اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اس ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پوپ فرانسِس کی خواہش اور ہدایت پر ہو رہا ہے تاکہ اس طرح حاصل ہونے والی آمدن کو شامی مہاجرین کی بہبود کے لیے استعمال کیا جا سکے۔

اگنیسکا ہومان آف کاریٹاس پولینڈ نامی اس تنظیم کا کہنا ہے، ’’پوپ فرانسِس کی خواہشات کے مطابق ان گاڑیوں کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کو شامی مہاجرین کے لیے لبنان میں ایک موبائل ہسپتال خریدنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔‘‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پوپ کے زیراستعمال گاڑیاں تین فاکس ویگن گولف تھیں، جن کی لائسنس پلیٹیں ’کے ون پوپ‘، ’کے ٹو پوپ‘ اور ’کے تھری پوپ‘ تھیں۔ ان تینوں گاڑیوں کے ساتھ وہ اسناد بھی دی جا رہی ہیں، جن میں درج ہے کہ کون سی گاڑی پوپ کے ساتھ کس راستے پر تھی۔

اب تک اس سلسلے میں نو ہزار تین سو یورو کی بولی جس گاڑی کے لیے سامنے آئی ہے، اس میں پوپ فرانسِس جنوبی پولستانی شہر کراکوف سے قریبی قبرستان جیسنا گورا گئے تھے۔

دیگر دو کاروں ميں سے ايک کو پوپ فرانسِس نے کراکوف شہر کے دورے اور دوسری کو سابقہ نازی اذیتی مرکز آؤشوئٹس جانے کے لیے استعمال کیا تھا۔

جولائی میں ہونے والے ورلڈ یوتھ ڈے میں دنیا بھر سے لاکھوں مسیحیوں نے شرکت کی تھی، جہاں پوپ نے مہاجرین کے حقوق کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی تھی اور اس موضوع پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا، شامی جنگ کی وجہ سے ہجرت پر مجبور ہونے والے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کی جائے۔‘‘