شاہد آفریدی کی جگہ ہے، ذکاء اشرف
28 اکتوبر 2011ذکاء اشرف نے جمعہ کو سابق چیئر مین اعجاز بٹ کی جگہ اپنے فرائض سرکاری طور پر سنبھالتے ہوئے کہا کہ وہ شاہد آفریدی سے جلد ہی ملاقات کریں گے، جس میں ان کے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ذکاء اشرف نے جمعہ کو لاہور میں کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا اور وہاں پاکستانی کرکٹ بورڈ پی سی بی کے مختلف اعلیٰ اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ ذکاء اشرف پاکستانی کرکٹ بورڈ میں بہتری اور اصلاحات کے لیے کئی سابق کرکٹرز سے ملاقاتوں کا ارادہ بھی رکھتے ہیں، جن میں پاکستان کے معروف سابق کرکٹر اور سیاستدان عمران خان بھی شامل ہوں گے۔
شاہد خان آفریدی نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین اعجاز بٹ کے ساتھ اختلافات کی بنا پر بین الاقوامی کرکٹ سے احتجاجی طور پر ریٹائر ہونے کا اعلان کیا تھا۔ دورہء ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستان پہنچنے پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ موجودہ بورڈ کے تحت کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس نے بھی اسی لیے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا کیونکہ ان کے شاہد آفریدی اور چیف سلیکٹر محسن حسن خان سے اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔ تاہم وقار یونس نے کہا تھا کہ وہ صرف اپنی ذاتی اور طبی وجوہات کی وجہ سے کوچنگ کے فرائض سے الگ ہو رہے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ بورڈ میں ان تبدیلیوں کے بعد شاہد خان آفریدی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اب بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ ان کی ریٹائرمنٹ احتجاجی تھی اور اب بورڈ تبدیل ہونے کے بعد وہ کسی بھی وقت پاکستانی ٹیم میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عدنان اسحاق