1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
اقتصادیاتترکی

ترک مرکزی بینک کے سربراہ پھر برطرف، کرنسی چودہ فیصد گر گئی

22 مارچ 2021

ترک صدر ایردوآن  نے دو سال میں تیسری بار ملک کے مرکزی بینک کے گورنر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3qx5S
Türkei | Satellitenstart | Türksat 5A
تصویر: Murat Kula/AA/picture alliance

ترک حکومت کی طرف سے مرکزی بینک کے گورنر ناجی آعبال کے ہٹانے کا اعلان ہفتے کی صبح سامنے آیا، جس کے بعد پیر کی صبح ترک لیرا کی قدر میں نمایاں کمی دیکھی گئی، استنبول اسٹاک مارکیٹ کا انڈیکس چھ فیصد گر گیا اور ترکی کے مقامی اور بیرونی کرنسی بانڈز دباؤ میں آ گئے۔

ماہرین کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک کی اچانک برطرفی سے سرمایہ کاروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کاروباری حلقوں کے مطابق اس اقدام سے ترک معیشت کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہو گا۔

ناجی آعبال ترکی کے رکن پارلیمان اور وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ انہیں چار ماہ پہلے نومبر میں مرکزی بینک کا گورنر تعینات کیا گیا تھا۔

Türkei | türkischer Zentralbankpräsident Naci Agbal
مرکزی بینک کے برطرف گورنر ناجی آعبالتصویر: Umit Bektas/REUTERS

بار بار برطرفیاں

یہ پہلی بار نہیں کہ صدر رجب طیب ایردوان نے اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے والے کسی ادارے کے سربراہ کو برطرف کیا ہو۔

سن دو ہزار انیس میں انہوں نے شرح سود پر اختلافات کے باعث تب کے گورنر سینٹرل بینک مراد چیتن کایا کو برخاست کر کے ان کی جگہ ان کے نائب صدر مراد اوئیسال کو اس اہم عہدے پر لگا دیا۔

لیکن پھر اگلے سال ہی نومبر دو ہزار بیس میں انہوں نے انہیں بھی ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے ہٹا دیا اور پھر ان کی جگہ ناجی آعبال گورنر لگا دیے گئے۔

Türkische Lira - Inflation
پیر کو ترک کرنسی چودہ فیصد گر گئیتصویر: picture-alliance/NurPhoto/A. Gocher

اُس وقت ترک لیرا کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی تھی اور کاروباری حلقوں کی طرف سے ناجی آعبال کی تعیناتی کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔

ماہرین کے مطابق پچھلے چار ماہ کے دوران ان کی مانیٹری پالیسی کے باعث ترکی کی کرنسی اور اسٹاک مارکیٹ کو کافی سہارا ملا۔

مہنگائی بے قابو

ترکی میں کورونا وبا کے باعث اور حکومتی پالیسوں کی وجہ سے مہنگائی کی شرح پندرہ فیصد سے بھی بڑھ گئی ہے اور ماہرین کے مطابق سرمایہ آنے کی بجائے ملک سے باہر جا رہا ہے۔

ان رجحانات کی حوصلہ شکنی کے لیے مرکزی بینک کے گورنر ناجی آعبال نے پچھلے ہفتے ہی شرح سود میں دو فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔

Türkei Regierung verkauft verbilligtes Obst und Gemüse
ترکی میں مہنگائی کی شرح پندرہ فیصد سے بھی زیادہ ہےتصویر: Reuters/M. Sezer

تاہم صدر ایردوآن شرح سود میں اضافے کے مخالف رہے ہیں۔ ان کے خیال میں شرح سود میں اضافے سے مہنگائی قابو میں نہیں آتی بلکہ مزید بڑھتی ہے۔

اقتصادی ماہرین کے نزدیک ترک صدر کی یہ سوچ معاشیات کے بنیادی اصولوں سے متصادم نظر آتی ہے۔

نئے گورنر

مرکزی بینک پر بہتر حکومتی کنٹرول کے لیے ترک صدر نے اپنی پارٹی کے رکن اور بینکنگ کے پروفیسر ڈاکٹر  شہاب قاوا جی اولو کو نیا گورنر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مانیٹری پالیسی پر نئے گورنر کی سوچ صدر ایردوآن کی معاشی ترجیحات سے ہم آہنگ نظر آتی ہے۔ اتوار کو عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے اپنے پہلے بیان میں کہا کہ ملک میں مہنگائی پر قابو پانا ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

Türkei Sahap Kavcioglu
نئے گورنر پروفیسر ڈاکٹر شہاب قاوا جی اولوتصویر: Mustafa Ciftci/AA/picture alliance

ش ج، ع ا (ڈی پی اے، اے ایف پی)