1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، الیکشن کمیشن آف پاکستان

3 نومبر 2023

ای سی پی کے وکیل نے سپریم کور ٹ کو آگاہ کیا کہ حلقہ بندیاں انتیس جنوری تک مکمل ہو جائیں گی۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کے لیے صدر سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/4YJCU
Pakistan Parlamentswahlen
تصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

الیکشن کمشین آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق ملک میں آئندہ عام انتخابات آٹھ فروری 2024ء کو منعقد کیے جائیں گے۔ یہ بات ای سی پی کے وکیل سجیل سواتی نے آج سپریم کورٹ آف پاکستان کے  سامنے ایک بیان میں کہی۔ عدالت نے الیکشن کمشین کو انتخابات کی حمتی تاریخ سے متلعق صدر کے ساتھ مشاورت کی ہدایت بھی کی ہے۔

 سپریم کورٹ نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر اندرانتخابات کرانے سے متعلق دائر درخواستوں کی سماعت جمعرات دو نومبر کے روز  کی۔ یہ درخواستیں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

Pakistan Präsident Arif Alvi
عدالت نے ای سی پی کو انتخابات کے حوالے سے مشاورت کے لیے صدر سے رابطے کی ہدایت بھی کی ہےتصویر: Ahmad Kamal/Xinhua/IMAGO

 چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کو آج کی سماعت کے دوران ای سی پی کے وکیل کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ حلقہ بندیوں کا مرحلہ 29 جنوری تک مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد 8 فروری کو انتخابات ہوں گے۔

 دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر صدر مملکت کو آگاہ کیا گیا ہے؟ اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ صدر مملکت کو آن بورڈ لینے کا پابند نہیں ہے۔ اس پر عدالتی بینچ میں شامل جسٹس اطہر من اللہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر سے مشاورت نہ کر کے الیکشن کمشین نے ''آئین دوبارہ تحریر‘‘ کر لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ فورم موجو د ہیں۔

جسٹس من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئین کےمطابق وقت پر انتخابات نہ کرانا آئین معطل کرنے کے مترادف ہے اور یہ عمل آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کا متقاضی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ صدر بھی پاکستانی ہیں اور الیکشن کمیشن بھی تو پھر الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت نہ کرنے پر کیوں ہچکچاہٹ کا شکار ہے؟

Pakistan Wahlen
کنور دلشادتصویر: AP Photo/Emilio Morenatti

الیکشن کمیشن کے بیان پر رد عمل

اس پیش رفت کے بعد ڈان نیوز ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ای سی پی کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا، ''ممکن ہے کہ دسمبر کے وسط تک انتخابی شیڈول جاری کر دیا جائے، یہ ای سی پی کا بہت اچھا، آئینی اور قانونی فیصلہ ہے۔‘‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس کو انتخابات کی حتمی تاریخ سمجھا جا سکتا ہے تو انہوں نے کہا، ''الیکشن کمشین سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرنے کا پابند ہے۔ عدالت میں تاریخ کا اعلان کرنا ایک بڑا فیصلہ تھا اور اب اس سے پیچھے ہٹنا ناممکن ہو گا۔‘‘

 انہوں نے کہا،''بعض سیاسی جماعتوں نے برف باری اور دھند پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ لہذا فروری کے پہلے ہفتے تک اس نوعیت کے موسم کا زیادہ تر حصہ ختم ہو جاتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ گیارہ فروری کے انتخابات کے بعد سینیٹ کے انتخابات پانچ سے چھ مارچ کو ہونے کا امکان ہے، ''میرے اندازوں کے مطابق صدر کا انتخاب 15-16 مارچ کے بعد ہو گا۔‘‘

 دریں اثنا پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے آج کی عدالتی سماعت کو ''جمہوریت اور آئین کی فتح‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا، ''پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے، جو انتخابات کی تاریخ کا مطالبہ کر رہی آئی ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ''جہاں تک میرا تعلق ہے، یہ کوئی اعلان نہیں ہے۔ یہ عدالت میں پوچھ گچھ کے دوران سامنے آئی ایک بات ہے۔ میں ای سی پی سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ تاریخ کا صحیح طور پر اعلان کرے۔‘‘

ش ر⁄ اا

میری پارٹی کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن جاری ہے، عمران خان