1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

عبدالرزاق نے جنوبی افریقہ کو مات دے دی

1 نومبر 2010

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان خلیجی ریاست ابو ظہبی میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پاکستانی ٹیم نے دوسرا ایک روزہ میچ جیت کر سیریز کو برابر کردیا ہے۔

https://p.dw.com/p/PvBn
تصویر: AP

عبدالرزاق نے 72 گیندوں پر ناقابلِ شکست 109رنز بنائے اور اسی باعث پاکستان کی ٹیم دوسرے ایک روزہ میچ میں ایک وکٹ سے میچ جیتنے کے قابل ہوئی۔ اس شاندار اننگز میں ان کے لگائے ہوئے دس زوردار چھکے بھی شامل ہیں۔ رزاق کی اننگز کا ایک اور شاندار پہلو یہ بھی ہے کہ پاکستانی اننگز کے آخری 65 سکور میں سے 63 اکیلے انہوں نے بنائے۔ بقیہ دو میں ایک نو بال اور دوسرا سعید اجمل کا سکور تھا۔

ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے 287 کا ٹارگٹ پاکستانی ٹیم کو دیا۔ اس سکور میں جنوبی افریقہ کے نئے بلے باز انگرام کی شاندار سنچری بھی شامل تھی۔ جے پی ڈومنی اور ہاشم املہ کی نصف سنچریاں بھی جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کی اننگز میں نمایاں تھیں۔ پاکستان کی جانب سے کپتان آفریدی اور وہاب ریاض نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خلیجی ریاست ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم کی پچ اور جنوبی افریقی باؤلروں کی قوت کو دیکھتے ہوئے یہ ایک اچھا اور بڑا سکور تھا۔

Pakistan Sport Cricket Abdul Razzaq
عبدالرزاق کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیاتصویر: AP

پاکستان کی ٹیم کا جواباً آغاز حسب معمول کوئی شاندار نہ تھا۔ اسد شفیق، یونس خان اور مصباح الحق صرف 58 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ محمد حفیظ نے تیس رنز کے ساتھ لمبی اننگز کھیلنے کی کوشش ضرور کی لیکن وہ بھی ٹیم کے سکور 70 پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ فواد عالم اور شاہد آفریدی کے درمیان 66 رنز کی شراکت بنی۔ آفریدی 49 کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔ فواد عالم اور عبدالرزاق نے اننگز کو مزید سنبھالا دیا۔ جب پاکستانی ٹیم کا سکور 217 ہوا تو فواد عالم 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اکیلے عبدالرزاق نے میچ کو سنبھالا اور آخرکار اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔

عبدالرزاق کو وننگ اننگز کھیلنے پر میچ کا شاندار کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مبصرین کے خیال میں اننگز کے دوران کسی بھی لمحے میں پاکستانی ٹیم کی کامیابی یقینی نہیں تھی۔ مسلسل فی اوور مطلوبہ سکور کی اوسط بڑھتی جا رہی تھی۔ آخری اوور میں چودہ سکور پاکستان کو درکار تھے ۔ عبدالرزاق نے دو چھکے اور ایک چوکے سے جیت پر مہر ثبت کردی۔ انہوں نے جیت کا ٹارگٹ پچاسویں اوور کی پانچویں گیند پر مکمل کیا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں