غزہ ميں تازہ اسرائيلی حملے، متعدد افراد ہلاک و زخمی
14 دسمبر 2024غزہ میں حماس سے حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے حکام کے مطابق اس ساحلی پٹی پر تازہ اسرائيلی حملوں ميں اٹھارہ فلسطينی ہلاک ہو گئے ہيں۔ اسرائيلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے حملوں ميں ان دہشت گردوں کو نشانہ بنايا گيا، جو پناہ گاہوں اور امدادی سامان کی رسد گاہوں میں چھپے ہوئے تھے۔
غزہ میں جنگ بندی کے ’حوصلہ افزا اشارے‘ دیکھے ہیں، بلنکن
اسرائیلی فوج کو گولان کی مقبوضہ پہاڑیوں پر رہنے کا حکم
اس سال 54 صحافی مارے گئے، ان میں سے ایک تہائی غزہ میں
دس افراد اس وقت ہلاک ہوئے، جب غزہ پٹی کے وسط ميں واقع علاقے دير البلاح ميں ايک عمارت کو نشانہ بنايا گيا۔ فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے ايک ذرائع نے تصديق کی کہ اس حملے ميں اس تنظيم کی انتظامی کميٹی کا سربراہ مارا گيا۔ قبل ازيں اسرائيلی فضائی حملے ميں امداد کے ايک گودام کے قريب اسلحے کے ايک ڈپو کو نشانہ بنايا گيا۔ فوج کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقام سے اسرائيل کی جانب راکٹ حملہ کيا گيا تھا۔
دوسری جانب غزہ سٹی ميں علیحدہ سے کیے گئے ایک اسرائيلی حملے ميں سات فلسطينی ہلاک اور بارہ ديگر زخمی ہو گئے۔ مقامی سول ايمرجنسی سروس کے مطابق ہفتے کو کيے گئے حملے ميں ايک سابق اسکول کی عمارت کو نشانہ بنايا گيا، جو بے گھر افراد کے ليے ايک پناہ گاہ کے طور پر زير استعمال تھی۔
اسرائيلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کے حوالے سے رپورٹوں کا جائزہ ليا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ہفتے کو ہی اسرائيلی دفاعی افواج کی جانب سے مطلع کيا گيا تھا کہ اس کی جانب سے حماس کے جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، جو ايک اسکول کے کمپاؤنڈ سے اپنی سرگرمياں جاری رکھے ہوئے تھے۔ يہ بھی کہا گيا کہ شہريوں کی جان بچانے کے ليے نقصان محدود رکھنے کے ليے اقدامات کيے گئے۔
طبی حکام کے مطابق ہلاک شدگان ميں ايک عورت اور اس کی نومولود بچی بھی شامل ہيں۔ فوری طور پر آزادا ذرائع سے اس امر کی تصديق نہيں ہو پائی ہے کہ ہلاک ہونے والے حماس کے ارکان تھے يا نہيں۔
غزہ سٹی ميں ہی ايک اور حملے ميں ايک مقامی صحافی کی ہلاکت کی اطلاع ہے مگر اس حوالے سے مزيد تفصيلات دستياب نہيں ہيں۔ اسرائيلی فوج نے کہا ہے کہ واقعے کی تفتيش جاری ہے۔
واضح رہے کہ فلسطينی تنظيم حماس کو امريکا، يورپی يونين اور جرمنی سميت متعدد ديگر ممالک دہشت گرد تنظيم قرار ديتے ہيں۔ حماس کے جنگجوؤں نے گزشتہ سال اکتوبر ميں اسرائيل پر دہشت گردانہ حملے میں بارہ سو کے قريب افراد کو ہلاک اور دو سو سے زائد کو اغواء کر ليا تھا۔ ان ميں سے درجنوں اب بھی حماس کی قيد ميں ہيں۔ جواب ميں اسرائيل نے غزہ ميں وسيع تر زمينی و فضائی کارروائياں شروع کيں جو اب بھی جاری ہيں۔ تازہ ترين اعداد و شمار کے مطابق اب تک 44,930 فلسطينی ہلاک اور 106,624 زخمی ہو چکے ہيں۔
مغربی کنارے کے شہر جنين ميں جھڑپيں
دريں اثناء مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنين ميں فلسطينی سکيورٹی فورسز اور فلسطينی جنگجوؤں کے مابين جھڑپوں کی رپورٹيں موصول ہوئی ہيں اور ان ميں ايک شخص کی ہلاکت کا بھی بتايا گيا ہے۔ صدر محمود عباس کی مغربی حمايت يافتہ فلسطينی اتھارٹی کے حکام نے حاليہ دنوں ميں جنين ميں چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، جس سبب ان کے اور جنگجوؤں کے مابين اکثر جھڑپيں رونما ہوتی رہتی ہيں۔
جنين شہر اسرائيلی دفاعی افواج اور فلسطينی جنگجوؤں کے مابين جھڑپوں کا بھی مرکز رہا ہے۔
مصر کی جانب سے جنگ بندی کی کوششيں
مصری صدر عبدالفتاح السيسی کے دفتر نے بتايا ہے کہ صدر السيسی نے دورہ کرنے والے امريکی وفد سے اسرائيلی يرغماليوں کے بدلے فلسطينی قيديوں کی رہائی اور جنگ بندی پر بات چيت کی ہے۔ قاہرہ ميں ہونے والی اس ملاقات ميں امريکی قومی سلامتی کے مشير جيک سليوان اور مشرق وسطیٰ کے مندوب بريٹ مک گرک شامل تھے۔
ع س / ع ت، ش ر (روئٹرز)