1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری

18 جون 2021

حماس کے آتشی غباروں کے جواب میں اسرائیلی فوج نے غزہ کے علاقوں پر پھر بمباری کی ہے اور تازہ کشیدگی سے گزشتہ ماہ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔

https://p.dw.com/p/3v8Yt
Israel Palästina | Luftangriffe Gaza
تصویر: Mohammed Salem/REUTERS

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے 17 جون جمعرات کی دیر رات، ''حماس کی جانب سے ہونے والے آتشی غباروں کے حملوں کے جواب میں '' غزہ پر فضائی بمباری کی ہے۔ اسرائیلی حملے اتنے زوردار تھے کہ غزہ سٹی میں بھی ان کی آوازیں سنی گئیں تاہم  فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو پا یا ہے کہ اس حملے میں جانی و مالی نقصان کتنا ہوا ہے۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے بدھ کے روز بھی علی الصبح غزہ شہر اور خان یونس کے جنوبی علاقوں کو نشانہ بنایا تھا اور مسلسل دوسرے روز بھی رات میں بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔ گزشتہ ماہ فریقین کے درمیان گیارہ روز کی لڑائی کے بعد جنگ بندی ایک معاہدہ طے پایا تھا تاہم اب ایسا لگتا ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

Erneute Angriffe in Gaza City
تصویر: Tsafrir Abayov/AP/picture alliance

جنگ بندی معاہدہ خطرے میں کیوں؟

مئی کے مہینے میں حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی محدود پیمانے کی جنگ میں درجنوں کم سن بچوں اور خواتین سمیت تقریباً ڈھائی سو فلسطینی ہلاک ہوئے تھے جبکہ 13 افراد اسرائیل میں مارے گئے تھے۔ پھر مصر کی ثالثی کے بعد جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا۔ 

تاہم اب یہ کہا جا رہا کہ حماس نے غزہ میں بہت سے ایسے کارکنان کو جمع کر لیا ہے جو گزشتہ چند روز سے آگ بھڑکانے والے غبارے اسرائیل میں مسلسل بھیج رہے ہیں اور اسرائیل اس کا جواب فضائی حملوں سے دے رہا ہے اور انہیں جاری رکھنے کی بات بھی کہی ہے۔ اس کی وجہ سے جنگ بندی کا معاہدہ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

Erneute Angriffe in Gaza City
تصویر: Mahmud Hams/AFP

حماس کے فوجی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا

 اسرائیل فوج نے تازہ حملوں سے متعلق ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ، ''کئی روز سے غزہ پٹی کے علاقے سے اسرائیل میں آتشی غبارے بھیجے جاتے رہے ہیں۔ اس کے جواب میں جنگی طیاروں نے حماس سے وابستہ فوجی کمپاؤنڈز اور راکٹ لانچ کرنے والے ایک ٹھکانے  کو نشانہ بنایا ہے۔''

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے، ''مختلف اسباب کے پیش نظر اپنی تیاری میں اضافہ کیا ہے اور غزہ میں حماس کے شدت پسند ٹھکانوں پر اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔''

Weltspiegel 10.06.2021 | Gaza, Zerstörung
تصویر: Mohammed Salem/REUTERS

اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکا کی مکمل حمایت 

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے نئے اسرائیلی ہم منصب یائر لیپید سے فون پر بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا، ''ہم نے اسرائیل کی سلامتی کے بارے میں امریکا کے پختہ عزم، اپنے دو طرفہ تعلقات، اور مستقبل میں در پیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔''

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیس پرائیڈ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے، ''اسرائیل اور فلسطین کے تعلقات کو عملی طریقوں سے بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔'' تاہم انہوں نے اپنے بیان میں غزہ پر اسرائیلی بمباری کا ذکر تک نہیں کیا۔

غزہ پر تازہ فضائی حملے اور اسرائیل کی سر زمین پر آتشی غباروں کو بھیجے جانے کے واقعات ایک ایسے وقت پیش آ رہے ہیں جب مصر اس جنگی بندی معاہدے کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش میں لگا ہے جو گزشتہ ماہ طے پا یا تھا۔ 

ص ز/ ج ب  (اے ایف پی، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں