فرانس میں دہشت گردانہ حملہ: 84 افراد ہلاک
15 جولائی 2016فرانس کے قومی دن کے موقع پر فرانس کے جنوبی بندرگاہی شہر نِیس میں لوگ آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے جمع تھے جب اس شخص نے اپنا ٹرک لوگوں کے ہجوم پر چڑھا دیا اور 1.3 کلومیٹر کے فاصلے تک لوگوں کو روندتا چلا گیا۔ فرانسیسی وزارت داخلہ کے ترجمان پیئر ہینری برینڈل کے مطابق جمعرات کی شب ہونے والے اس واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سے 18 کی حالت تشویشناک ہے۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں سے متعدد افراد گولیوں کا بھی نشانہ بنے۔ جو اس ڈرائیور کی طرف سے چلائی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق ٹرک ڈرائیور 31 سالہ تیونسی نژاد فرانسیسی شہری تھا جسے پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 19 ٹن وزنی ایک ٹرک فرانس کے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شب 11:00 بجے (مقامی وقت کے مطابق شب 9:00 بجے) ہزاروں لوگوں کے اس ہجوم پر چڑھ دوڑا جو نِیس شہر کے ساحل پر ہونے والا آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے جمع تھا۔
فرنس کے قومی دن کے موقع پر ہونے والے اس خونریز واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔