1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فرنچ اوپن کا آغاز

22 مئی 2011

ٹینس اسپورٹ میں رواں سال کے دوسرے اہم ترین گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ، فرنچ اوپن کا آغاز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع ٹینس کورٹس کمپلیکس رولان گیروس میں ہو گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/11LFZ
گزشتہ سال کے ونر ندالتصویر: AP

سن 2011 کے فرنچ اوپن کے لیے مردوں میں رافائل ندال اور خواتین میں کیرولین ووصنیاکی کو ٹاپ سیڈ یا فیورٹ کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ اس سال کے فرنچ اوپن میں جو کھلاڑی انجریز یا دوسری وجوہات کی بنا پر شریک نہیں ہو رہے ہیں، ان میں خاص طور پر ولیمز سسٹرز شامل ہیں۔ بعض مبصرین نے ولیمز سسٹرز کی عدم موجودگی دیکھتے ہوئے روس کی سابق عالمی نمبر ایک ماریا شاراپووا کو فیورٹ خیال کیا ہے۔ شاراپووا نے گزشتہ دنوں دو اہم کلے کورٹ ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

Frankreich French Open Tennis Finale 2010 Frauen
گزشتہ سال فائنل میچ جیتنے کے بعد، فرانچیسکا سکیا وونے کورٹ کو چومتے ہوئےتصویر: AP

فرنچ اوپن میں مردوں میں ہسپانوی کھلاڑی ندال دفاعی چیمپیئن ہیں جب کہ خواتین سنگلز میں اپنے اعزاز کا دفاع اٹلی کی فرانچیسکا سکیا وونے کریں گی۔ عالمی رینکنگ میں ندال نمبر ایک ہیں اور اطالوی خاتون کھلاڑی پانچویں پوزیشن پر ہیں۔ اس ٹورنامنٹ کے مختلف اسٹیجز کے دوران مختلف مرد اور خاتون کھلاڑیوں میں کل 25.4 ملین یورو کی خطیر رقم بطور انعام تقسیم کی جائے گی۔ سنگلز مقابلوں کے چیمپیئن کے لیے گیارہ لاکھ یورو سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔ پہلا راؤنڈ کھیلنے والے کھلاڑی کو پندرہ ہزار یورو دیے جاتے ہیں۔ ہر اسٹیج جیتنے کے بعد انعام کی مالیت بڑھتی جاتی ہے۔

آج اتوار سے اس ٹورنامنٹ کے پہلے روز ایک ساتھ کئی میچ شیڈیول ہیں۔ گزشتہ سال فائنل میچ کھیلنے والی سمانتھا سٹوزر کا میچ بھی آج رکھا گیا ہے اور اس کو جیت کر دوسرے راؤنڈ میں داخل ہو گئی ہیں۔ پہلے روز آسٹریلیا کے مردوں کے سابق عالمی نمبر ایک لیٹن ہیوٹ کا بھی میچ تھا لیکن انہوں نے بائیں ٹخنے میں شدید درد کے بعد ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ پہلے روز روس کی سویٹلانا کزنیٹسووا اور سربیا کی سابق عالمی نمبر ایک ژالینا ژانکووچ کے میچ بھی اپنے اپنے کھیلے گی۔

اتوار 22 مئی سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں سن 2003 کے بعد پہلی بار ایسا ہو گا کہ امریکہ کی اسٹار کھلاڑی بہنوں میں سے ایک بھی شریک نہیں ہے۔ سیرینا ولیمز اور وینس ولیمز دونوں انجری کے باعث ٹورنامنٹ میں شرکت سے قاصر ہیں۔ موجودہ عالمی نمبر دو، بیلجیئم کی سابقہ ورلڈ نمبر ایک کم کلائسٹرز کچھ ہفتوں کے بعد ٹینس کورٹ میں واپس لوٹ رہی ہیں۔ وہ بھی انجری کا شکار تھیں۔ وہ اس برس کے پہلے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کی ونر ہیں۔ کلائسٹرز اس سے قبل فرنچ اوپن کا فائنل دو مرتبہ کھیل چکی ہیں۔ ماہرین ان کے بارے میں بھی پر امید ہیں۔

Venus und Serena Williams French Open 2010
ولیمز سسٹرز: فائل فوٹوتصویر: AP

فرنچ اوپن میں خواتین کی چیمپیئن شپ کے لیے فائنل میچ چار جون کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا اختتام پانچ جون کو ہو گا اور اسی دن مردوں کا فائنل میچ شیڈیول ہے۔ آخری میچ سے قبل مردوں اور خواتین کے ڈبلز کے علاوہ مکسڈ ڈبلز اور جونیئر چیمپیئن کے میچز بھی مکمل کیے جاتے ہیں۔

فرنچ اوپن ٹورنامنٹ مٹی کے کورٹ پر کھیلا جانے والا اہم ترین ٹورنامنٹ ہے۔ اس کورٹ پر فزیکل فٹنس انتہائی اہم تصور کی جاتی ہے۔ کلے کورٹس پر ٹینس کھلاڑی کو شارٹس کھیلنے میں دیگر کورٹس کے مقابلے میں زیادہ قوت استعمال کرنا ہوتی ہے۔ سن 1928 سے یہ ٹورنامنٹ کلے کورٹ پر کھیلا جاتا ہے۔ اس سے پہلے یہ گھاس کے کورٹس پر بھی کھیلا گیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں