فلم ’راون‘ توقعات کی پٹری پر پوری نہیں اتری
24 جون 2010ہندی اور تامل زبانوں میں تیار کی گئی اس فلم کے حوالے سے سری لنکا میں ایک نامعلوم گروپ نے دھمکیاں بھی دی تھیں تاہم لنکا میں بھی فلم راون نمائش کر لئے پیش کر دی گئی ہے۔ اس فلم کا میوزک آسکر انعام یافتہ موسیقار اے آر رحمان نے دیا ہے تاہم بیشتر مداحوں کا خیال ہے کہ فلم کے گیت ویسے نہیں ہیں، جیسے وہ توقع کر رہے تھے۔
ہدایت کار منی رتنم اپنی فلموں میں قدرتی مناظر کی عکس بندی کی وجہ سے کافی شہرت رکھتے ہیں اور اس فلم میں بھی بہت سے دلکش قدرتی مناظر کو عمدگی سے فلمایا گیا ہے۔ ابتدائی شوز دیکھنے والے شائقین کے مطابق فلم کا پہلا حصہ بوریت سے بھرپور اور سست ہے تاہم دوسرے حصے میں کہانی ایک مرتبہ پھر اپنے ناظرین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔ تاہم بیشتر شائقین کا خیال ہے کہ ان کی جتنی توقعات وابستہ تھیں، یہ فلم ان توقعات کے مقابلے میں خاصی کمزور ہے۔
فلم راون رامائن سے اخذ کی گئی کہانی پر مبنی ہے۔ اس میں راون کا کردار ابھیشیک بچن نے نبھایا ہے جبکہ سیتا کا کردار سابقہ حسینہ ء عالم ایشوریا رائے نے ادا کیا ہے۔ حقیقی زندگی میں ایشوریا رائے ابھیشیک بچن کی بیوی ہے۔
یہ کہانی ہندو مذہبی کتاب رامائن کے اس واقعے سے اخذ کی گئی ہے جس میں راون، رام کی بیوی سیتا کو اغواء کر لیتا ہے اور پھر سیتا برسوں تک راون کی قید میں رہتی ہے۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: گوہر نذیر گیلانی