فیفا ورلڈ کپ:ساتواں دن ختم
18 جون 2010ان مقابلوں کے بعد ارجنٹائن کی اگلے مرحلے میں رسائی یقینی ہوگئی ہے جبکہ فرانس کو پہلے ہی راؤنڈ میں اس ٹورنامنٹ سے باہر ہوجانے کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
ارجنٹائن بمقابلہ جنوبی کوریا
17جون کا پہلا میچ ارجنٹائن اور جنوبی کوریا کے مابین ہوا، جس میں ڈیاگو میراڈونا کی کوچنگ میں ارجنٹائن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس میچ میں ارجنٹائن نے ایک کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل کی۔ سٹرائیکر گونزالو ہیگو نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک کی اور اس طرح وہ گزشتہ سولہ سالوں میں ارجنٹائن کی طرف سے ورلڈ کپ مقابلوں میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بنے۔ ان سے قبل گابریل باٹیسٹا نے امریکہ میں ہوئے 1994ء کے عالمی مقابلوں میں یونان کے خلاف ہیٹ ٹرک کی تھی۔ مڈفیلڈر لیونیل میسی نے ایک بار پھر شاندار کھیل پیش کرکے اپنی ٹیم کی جیت کا مزہ دوبالا کر دیا۔
ارجنٹائن کو کھیل میں ابتدائی برتری اس وقت ملی جب جنوبی کوریا کے کھلاڑی نے میسی کی لگائی گئی ایک کِک پر اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کر ڈالا۔ 33ویں منٹ میں ہیگوان نے ایک اور گول کردیا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم پہلا ہاف ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے ایک گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ دوسرے ہاف میں بھی ارجنٹائن کی ٹیم کھیل پر مکمل طور سے چھائی رہی۔
یونان بمقابلہ نائیجریا
گروپ بی کے دوسرے میچ میں یونان نے نائیجیریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے مات دی۔ اس طرح اس یورپی ملک نے ورلڈ کپ کے مقابلوں میں اولین فتح حاصل کی۔ نائیجیریا کی طرف سے کالو اوچی نے 16ویں منٹ میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ 35 میٹر کے فاصلے سے لگائی گئی کالوکی فری کک نے سب کو حیرت زدہ کردیا، جو سیدھی گول پوسٹ میں داخل ہوگئی۔
یونان کی طرف سے دیمیتری سالپنگیدیس نے 44ویں منٹ میں پہلا گول کرکے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا۔ نائیجیریا کی ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکہ اس وقت لگا جب ان کے کھلاڑی سانی کائیتا کو سرخ کارڈ دکھاکر کھیل سے باہر کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد یونان نے71ویں منٹ میں ایک پینلٹی سٹروک پر فیصلہ کن گول کیا۔
فرانس بمقابلہ میکسیکو
گروپ اے کے میچ میں سابق عالمی چیمپیئن فرانس کو میکسیکو کے خلاف صفر کے مقابلے میں دو گول کی شکست ہوئی۔ میکسیکوکی جانب سے پہلا گول متبادل کھلاڑی ہگو لورس نے اس وقت کیا جب وہ فرانسیسی دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو گول پوسٹ میں ڈالنے میں کامیاب ہوئے جبکہ فرانسیسی کھلاڑی ان کے آف سائیڈ ہونے کی توقع کئے ہوئے تھے۔
میکسیکو نے دوسرا گول پینلٹی سٹروک پر کیا۔ اس طرح 1998ء کی عالمی چیمپیئن کا دو میچ کھیلنے کے بعد بھی محض ایک پوائنٹ ہے اور اس کا پہلے راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سےاخراج اب یقینی ہوتا نظر آرہا ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: عاطف بلوچ