فیفا ورلڈ کپ کا بہترین کھلاڑی: ڈیگو فورلان
12 جولائی 2010فیفا ورلڈ کپ کا اختتام ہو گیا ہے۔ جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے بہترین کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ کے یہ دو انعامات انتہائی معتبر خیال کئے جاتے ہیں۔ ماضی میں برازیل کے رونالڈو، فرانس کے زیدان اور ارجنٹائن کے میراڈونا سمیت کئی دوسرے نامی گرامی کھلاڑی عالمی مقابلوں میں اپنی شاندار پرفارمنس کی بدولت گولڈن بال اور گولڈن بوٹ کے حقدار ٹھہرائے جا چکے ہیں۔ سن 2010 کے ورلڈ کپ کے بہترین کھلاڑی کے لئے گولڈن بال کا اعزاز ہوتا ہے۔ جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ میں یوروگوائے کے ڈیگو فورلان کو گولڈن بال کا حقدار ٹھہرایا گیا۔
گولڈن بال کے علاوہ زیادہ گول کرنے والے فٹ بالر کو گولڈن بوٹ کا ایوارڈ بھی ورلڈ کپ کے اختتام پر دیا جاتا ہے۔ سن 2010 کے ورلڈ کپ میں جرمن کھلاڑی میولر سمیت تین کھلاڑیوں نے پانچ پانچ گول کئے تھے۔ سن 2006 کے ورلڈ کپ میں گولڈن بوٹ کا ایوارڈ جرمن کھلاڑی کلوزے کو دیا گیا تھا۔ سن 2010 کے ورلڈ کپ میں یہ ایوارڈ جرمن فٹ بالر تھوماس مُیولر کو دیا گیا۔ میولر ٹورنامنٹ کے بہترین ینگ فٹ بالر بھی قرار پائے۔ ہسپانوی فارورڈ ڈیوڈ وی یا اس کیٹگری میں دوسری مقام پر رہے۔ .ہسپانوی ٹیم کے کپتان اور گول کیپر کاسیاس کو ورلڈ کپ کا بہترین گول کیپر قرار دیا گیا۔
سن 2010ء کے ورلڈ کپ کے لئے فیفا کی جانب سے کل دس کھلاڑیوں کو گولڈن بال کے لئے نامزد کیا گیا تھا۔ ان میں تین ہسپانوی اور دو دو جرمن اور ڈچ کھلاڑی تھے۔ بقیہ تین کا تعلق ارجنٹائن، گھانا اور یوروگوائے سے تھا۔ ان کھلاڑیوں میں شامل تھے:
ڈیگو فورلان: یوروگوائے کے بہتر کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ اس ورلڈ کپ میں وہ پانچ گول کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
اساموا گیان: افریقی ملک گھانا کے عالمی شہرت کے کھلاڑی ہیں۔ اس سال کے ورلڈ کپ میں وہ عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر گولڈن بال کے لئے نامزد ہوئے۔
اندریس اینی ایسٹا: ہسپانوی مڈ فیلڈر کا کھیل تمام میچوں میں منفرد تھا۔ ہسپانوی ٹیم کی فائنل تک رسائی میں اندریس اینی ایسٹا کا رول قابل ذکر تھا۔
لیونل میسی: ارجنٹائن کے فارورڈ کھلاڑی کی پرفارمنس بظاہر بہتر تھی لیکن وہ ٹورنامنٹ میں ایک بھی گول نہیں کر سکے۔ یہ اور بات کہ انہوں نے گول کرنے کے لئے تیس مرتبہ گیند کو کک کیا تھا۔
میسوت اُوزل: جرمنی کے ترک نژاد کھلاڑی کو بعض ناقدین نے جرمن ٹیم کا مستقبل کا سرمایہ قرار دیا ہے۔ ان کی تیز رفتاری اور گیند پر مہارت قابل تعریف ہے۔
ارژن روبین: ہالینڈ کے شاندار فارورڈ کھلاڑی سمجھے جاتے ہیں۔ وہ شنائیڈر کے ساتھ ایک خطرناک پارٹنر تصور کئے جاتے ہیں۔ برازیل کے خلاف ہالینڈ کی فتح میں روبین کا کھیل یادگار تھا۔
باستیان شوائن سٹائیگر: جرمنی کے مڈ فیلڈر نے سارے ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کے لئے ایک ذمہ دار کھیل کا مظاہرہ کیا ۔
ویزلی شنائیڈر: ہالینڈ کے ہونہار اور سبک رفتار فاورڈ کھلاڑی کو اڑتا ہوا ولندیزی کھلاڑی خیال کیا جاتا ہے۔
ڈیوڈ وی یا: ہسپانوی فارورڈ کی شہرت صرف یورپ تک محدود نہیں ہے۔ وی یا کا گیند پر مہارت اور کنٹرول شاندار ہے۔
شاوی: سن 2008 کی یورو چیمپیئن شپ میں شاوی کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ ہسپانوی ٹیم کا کھیل اس وقت بہترین ہوتا ہے جب شاوی گیم کو کنٹرول کرتا ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: کشور مصطفیٰ