فیفا ورلڈ کپ کی رنگا رنگی
12 جون 2010فیفا ورلڈ کپ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور اس طرح جنوبی افریقہ کی میزبانی کے حوالے سے تمام خدشات بھی دور ہوگئے ہیں۔ جوہانسبرگ کا اسٹیڈیم عالمی فٹ بال کپ کی افتتاحی تقریب اور پہلے میچ کے لئے تیار کیا جا چکا ہے۔ اس اسٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ابھی ایک میچ بھی نہیں کھیلا ہے لیکن شائقین کے ہجوم کو دیکھ کر لگتا ہے ’بافانا بافانا‘ یعنی ان کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ ہی جیت چکی ہو۔ اب چند گھنٹوں بعد میزبان ملک، دنیا بھر سے آئے ہوئے مہمانوں کو سرکاری طور پر خوش آمدید کہے گا۔
جوہانسبرگ کے ’سوکر سٹی‘ کے علاوہ جنوبی افریقہ بھر میں فٹ بال کا جنون دیکھا جا سکتا ہے۔ عوام کی ایک بڑی تعداد ان مقابلوں کی وجہ سے بننے والے ماحول کو ایک معجزے سے تعبیرکر رہے ہیں۔ کچھ تو صرف اس وجہ سے خوش ہیں کہ شاید انہیں دوبارہ جنوبی افریقہ میں یہ مقابلے دیکھنے کو نہ ملیں۔
فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے، فٹ بال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جمعرات کوایک بہت بڑی پارٹی کا اہتمام کیا۔ جوہانسبرگ کی ’سوکر سٹی‘ کے قریب ہونے والی اس پارٹی میں ایک کنسرٹ بھی منعقد کیا گیا، جس میں شاکیرہ، الیشیا کیز اور بلیک آئیڈ پیز نامی گروپ نے شرکت کی۔ ہزاروں افراد کی شرکت کے باوجود تقریب انتہائی پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔ ’ہیلو‘ نامی یہ پارٹی پوری دنیا میں براہ راست دکھائی گئی۔
عالمی فٹ بال کپ کے دوران سلامتی کی صورتحال کے حوالے سے بہت سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے تاہم جنوبی افریقی حکام نے ٹورنامنٹ اور شائقین کی حفاظت کے لئے چالیس ہزار پولیس اہلکار تعینات کئےہیں۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں گراؤنڈ سے لےکر ہوٹل تک ہرجگہ سو فی صد محفوظ ہے۔ سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود غیر ملکی فینز کوکچھ علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز جوہانسبرگ میں سیاحوں کےگروپ کواُس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کی بس سے ان کا تمام سامان چرا لیا گیا۔ سڑکوں پر پولیس کے علاوہ مختلف اسٹال بھی دکھائی دے رہے ہیں، جہاں یادگاری تحائف فروخت کئے جا رہے ہیں۔
جوہانسبرگ کے اورلانڈو اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق دوپہر دوبجے افتتاحی تقریب شروع ہو گی۔ اس میں شرکت کرنے کے لئے تقریباً چالیس ہزار ٹکٹ بہت پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔ انتظامیہ نے تقریب کا طریقہ کار خفیہ رکھا ہے تاہم یہ بات معلوم ہوسکی ہے کہ پندرہ سو رقاص، اس تقریب میں اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ افتتاحی تقریب دوگھنٹے جاری رہے گی، جس کے بعد شام چار بجے میزبان جنوبی افریقہ اپنا اور ٹورنامنٹ کا پہلا میچ میکسیکو کے خلاف کھیلے گا۔
رپورٹ:عدنان اسحاق
ادارت: عاطف بلوچ