قانون کی خلاف ورزی پر ايک شہزادے کو تنبيہ
20 جنوری 2019نورفولک کی پوليس نے مطلع کيا ہے کہ پرنس فلپ کو مناسب الفاظ ميں مشاورت فراہم کی گئی ہے۔ اس بارے ميں ہفتے کی شب جاری کردہ پوليس کی خاتون ترجمان نے اپنے بيان ميں کہا، ’’ہم تصاوير کے بارے ميں جانتے ہيں۔ متعلقہ ڈرائيور کو مشاورت فراہم کی جا چکی ہے۔ اس قسم کی خلاف ورزی پر يہ رد عمل معمول کے مطابق ہے۔‘‘
قبل ازيں ملکہ ايلزابیتھ دوئم کے 97 سالہ خاوند پرنس فلپ کی چند ايسی تصاوير منظر عام پر آئی تھيں، جن ميں وہ گاڑی چلاتے وقت بظاہر سيٹ بيلٹ نہيں باندھے ہوئے تھے۔ تصاوير ميں ديکھا جا سکتا ہے کہ پرنس فلپ ايک حاليہ حادثے کے بعد ملنے والی متبادل ’لينڈ روور‘ شاہی خاندان کی رہائش گاہ پر چلا رہے تھے۔ بعد ازاں ديگر تصاوير ميں وہ سڑک پر گاڑی چلا تے دکھائی ديتے ہيں اور بظاہر ايسا ہی لگتا ہے کہ اس وقت انہوں نے سيٹ بيلٹ نہيں باندھ رکھی تھی۔ يہ تصاوير ايک اخبار ميں بھی چھپيں۔
يہ پيش رفت ايک ايسے وقت ہوئی جب دو روز قبل ہی يعنی جمعرات کے روز شاہی خاندان کی رہائش گاہ کے قريب شہزادہ فلپ کی گاڑی ايک دوسری گاڑی کے ساتھ ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی۔ اس حادثے ميں پرنس فلپ کو کوئی چوٹ نہيں آئی جبکہ دوسری گاڑی ميں دو خواتين اور ايک نومولود بچہ سوار تھے۔ دونوں خواتين کو معمولی چوٹيں آئی تھيں جبکہ بچے کو کوئی چوٹ نہيں آئی۔
شہزادہ فلپ سے جب ہفتے کو رونما ہونے والے اس واقعے کے بارے ميں پوچھا گيا، تو ان کے ترجمان نے کہا کہ يہ نورفولک پوليس کا معاملہ ہے۔
ع س / ع آ، نيوز ايجنسياں