1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

لبنان: فائر بندی کی خلاف ورزی کے دعوے، دوبارہ کرفیو نافذ

29 نومبر 2024

اسرائیل کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ دوسری جانب لبنانی فوج نے اسرائیل پر معاہدے کی پاسداری نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں دوبارہ کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4nYMC
فائربندی کے نفاذ کے ساتھ ہی امن دستوں اور کچھ دوسرے لوگوں نے بھاری نقصان سے متاثرہ سرحدی علاقوں میں واپس جانا شروع کر دیا
فائربندی کے نفاذ کے ساتھ ہی امن دستوں اور کچھ دوسرے لوگوں نے بھاری نقصان سے متاثرہ سرحدی علاقوں میں واپس جانا شروع کر دیاتصویر: Hussein Malla/AP Photo/picture alliance

لبنانی فوج نے الزام لگایا ہے کہ اسرائیل نے بدھ اور جمعرات کو ''کئی بار‘‘ فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فائربندی بدھ کو علی الصبح شروع ہوئی تھی۔

لبنانی فوج نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اسرائیل پر اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں اور مختلف ہتھیاروں سے لبنانی سرزمین کو نشانہ بنانے کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے کئی بار سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان فائربندی شروع

لبنانی فوج نے کہا کہ وہ فائر ​​بندی کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔ قبل ازیں اسرائیل نے کہا تھا کہ اس نے حزب اللہ کی سرگرمیوں کا پتہ لگانے کے بعد جنوبی لبنان میں کارروائی کی تھی۔

ایک ش‍خص اپنے تباہ شدہ گھر کے ملبے پر بیٹھا ہوا
ایک ش‍خص اپنے تباہ شدہ گھر کے ملبے پر بیٹھا ہواتصویر: Hassan Ammar/AP Photo/picture alliance

اسرائیل کا دعویٰ

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کی جانب اے فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے حزب اللہ کے کئی جنگجوؤں پر فائرنگ کی، جن میں سے کچھ گاڑیوں میں آئے تھے۔

فائر بندی کے بعد ہزاروں لبنانی شہریوں کی وطن واپسی

آئی ڈی ایف نے ایک الگ پوسٹ میں کہا کہ لبنان میں ایک مشتبہ طیارے کی موجودگی کے بعد اس پر میزائل داغا گیا تھا۔ آئی ڈی ایف نے تسلیم کیا کہ اس سے یہ کارروائی کرنے میں غلطی ہوئی۔

لبنان کی خبر رساں ایجنسی این این اے نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے اس کے علاوہ جمعرات کی صبح لبنان کے جنوب میں مرکبہ قصبے پر فائرنگ بھی کی جس سے دو افراد زخمی ہوئے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ٹینک نے وزانی اور کفر شوبا گاؤں پر بھی فائرنگ کی۔ یہ تینوں گاؤں اسرائیلی سرحد کے قریب واقع ہیں۔

بدھ کی صبح سے نافذ ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے تحت حزب اللہ کے عسکریت پسندوں کو دریائے لیتانی سے پیچھے ہٹنا ہے، جو اسرائیل کی سرحد سے تقریباً 30 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔

لبنانی حکام نے سرحد پر واقع شہروں اور دیہات کے باشندوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیلی افواج کا انخلا مکمل ہونے سے پہلے اپنے گھروں کو واپس نہ جائیں۔ فائر بندی معاہدے کے تحت اسرائیل وہاں سے اگلے 60 دنوں میں اپنی فوجیں واپس بلائے گا۔

لبنان میں جنگ بندی لیکن غزہ پر اسرائیلی بمباری جاری

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اگر حزب اللہ فائر بندی معاہدے کی شرائط پر عمل نہیں کرے گی، تو اسرائیل کارروائی کا حق رکھتا ہے۔

لوگ اپنے محلے میں آتے ہی ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے
لوگ اپنے محلے میں آتے ہی ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئےتصویر: Hussein Malla/AP Photo/picture alliance

جنوبی لبنان میں دوبارہ کرفیو نافذ

اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے لبنانی شہریوں کو خبردار کیا کہ لبنان کے اس حصے میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جہاں سے حزب اللہ کی فورسز کو نکلنا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان افی‍خای ادرعی نے ایک آن لائن ایک پوسٹ میں کہا، ''شام 5:00 بجے سے کل صبح 7:00 بجے تک دریائے لیتانی کے جنوب میں کسی بھی طرح کا سفر کرنے یا گھر سے باہر نکلنے پر پابندی ہو گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دریا کے جنوب میں واقع علاقے کے لوگوں کو اپنی حفاظت کے لیے ان پابندیوں پر عمل کرنا چاہیے۔

اسرائیل، حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی جلد متوقع: لبنانی ذرائع

ادرعی نے یہ تنبیہ جمعرات کو سرحد کے قریب جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور حملوں کی اطلاعات کے بعد جاری کی۔

ج ا ⁄ ع ا، م م ( اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)