1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیڈی گاگا کے ویڈیو، یوٹیوب پر ایک ارب ہِٹس

27 اکتوبر 2010

معروف پاپ سٹار لیڈی گاگا نے انٹرنیٹ کی دُنیا میں ایک نیا ریکارڈ بنایا ہے۔ یہ ریکارڈ ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر بنا ہے، جہاں ان کی ویڈیوز کو ایک ارب سے زائد مرتبہ دیکھاگیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Poct
معروف پاپ سٹار لیڈی گاگاتصویر: AP

لیڈی گاگا سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس فیس بُک اور ٹویٹر پر پہلے ہی انتہائی مقبول ہیں۔ اس وقت دُنیا میں کوئی ایسی ہستی حیات نہیں، جس کے پرستاروں کی تعداد ان ویب سائٹس پر لیڈی گاگا سے زیادہ ہو۔ فیس بُک پر ان کے پرستاروں کی تعداد دو کروڑ سے زائد ہے جبکہ ٹویٹر پر 70 لاکھ افراد انہیں فالو کر رہے ہیں۔

انٹرنیٹ سرچ کمپنی ’فیم کاؤنٹ ڈاٹ کوم‘ کا کہنا ہے کہ یو ٹیوب پر لیڈی گاگا کی ویڈیوز کو ایک ارب 27 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

Lady Gaga Flash-Galerie
امریکی سنگر لیڈی گاگا نے اپنی مقبولیت کے حوالے سےکئی بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہےتصویر: picture-alliance / Jazz Archiv

ان اعدادوشمار کے اجراء کے بعد لیڈی گاگا نے فیس بُک اور ٹویٹر پر اپنے پرستاروں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا،’یوٹیوب پر ہمارے ویڈیوز کو ایک ارب سے زائد مرتبہ دیکھ لیا گیا ہے دوستو!‘

انہوں نے مزید لکھا، ’اگر ہم ایک دوسرے کا ساتھ دیں، تو کچھ بھی کر سکتے ہیں۔‘ لیڈی گاگا نے اپنے پرستاروں کو یوٹیوب کے کنگز اور کوئینز قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ یوٹیوب پر لیڈی گاگا کے ویڈیوز دیکھے جانے سے متعلق یہ اعدادوشمار مجموعی ہیں، نہ کہ کسی ایک گانے کی ویڈیو سے متعلق۔

اس حوالے سے ٹین پاپ سٹار جسٹن بیبر کو بھی کمال حاصل ہے۔ یو ٹیوب پر ان کے ہِٹ سنگل بے بی کو 36 کروڑ 70 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ اپنی ویڈیوز کے مجموعی ریکارڈ کے لحاظ سے یہ 16سالہ گلوکار لیڈی گاگا سے ذرا ہی پیچھے ہیں۔ ان کی تمام ویڈیوز کو یوٹیوب پر 96 کروڑ 70 لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ لیڈی گاگا نے آن لائن ریکارڈ بنایا ہو بلکہ ابھی اگست میں ہی وہ ٹویٹر پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت بنی ہیں۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ بریٹنی سپیئرز کے پاس تھا۔ انہیں فیس بُک پر دو کروڑ سے زائد پرستار رکھنے کا اعزاز بھی حال ہی حاصل ہوا ہے۔

MTV Video Music Awards Los Angeles 2010 Flash-Galerie
پاپ سٹار جسٹن بیبرتصویر: AP

واضح رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما بھی فیس بُک پر ایک مقبول شخصیت ہیں تاہم وہ بھی لیڈی گاگا سے بہت پیچھے ہیں۔ ان کے فینز کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے کچھ ہی زیادہ ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں