1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز کے درمیان علیحدگی

عابد حسین29 اگست 2013

امریکی فلمی صنعت کے اے کیٹگری کی معروف جوڑی مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز کی علیحدگی ہو گئی ہے۔ ان کی شادی کو تیرہ برس گزر چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/19YDF
تصویر: Frederic J. Brown/AFP/Getty Images

امریکی اداکار مائیکل ڈگلس کی عمر 68 برس ہے اور ان کی برطانوی نژاد اہلیہ کیتھرین زیٹا جونز کی عمر 43 برس ہے۔ دونوں نے سن 2000 میں شادی کی تھی۔ اس شادی کے وقت ڈگلس نے اپنی 23 برس تک رہنے والی شادی کو ختم کر دیا تھا۔ پہلی بیوی سے علیحدگی اختیار کرنے پر انہیں 44 ملین ڈالر بھی ادا کرنے پڑے تھے۔ مائیکل ڈگلس ان دنوں گلے کے سرطان میں مبتلا ہیں اور اس بیماری میں تھوڑا بہت افاقہ بتایا جاتا ہے۔

Michael Douglas Catherine Zeta Jones
مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونزتصویر: AP

مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز کے دو بچے بھی ہیں جن کی عمریں بالترتیب 13 اور 10 برس ہیں۔ یہ بھی اہم ہے کہ زیٹا جونز بھی ڈپریشن کے مرض بائی پولر ڈس آرڈر کا شکار ہیں۔ رواں برس مئی کے مہینے میں ان کو دوسری مرتبہ ماہر نفسیات کے علاج سے گزرنا پڑا تھا۔ ڈگلس کے ترجمان ایلن بری کے مطابق میاں بیوی اپنی شادی کا جائزہ لینے اور اس میں مزید بہتری لانے کے حوالےسے کچھ عرصے کے لیے علیحٰدہ ہوئے ہیں۔ زیٹا جونز کی ترجمان سیسے یارک نے بھی ایسا ہی بیان جاری کیا ہے۔

سوشل میگزین پیپل کے مطابق دونوں اداکاروں میں سے کسی نے بھی طلاق یا علیحدگی کی کوئی عرضی سول عدالت میں جمع نہیں کروائی۔ یہ ضرور ہے کہ اس جریدے نے ڈگلس اور زیٹا جونز کی شادی کے حوالے سے شادی ختم ہونے کی شہ سرخی ضرور لگائی۔ ڈگلس اور زیٹا جونز کے ایک قریبی دوست نے نام مخفی رکھتے ہوئے سوشل جریدے پیپل کو بتایا کہ دونوں ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں اور وہ شادی کو بچانے کے لیے کچھ وقت اکیلے گزارنا چاہتے ہیں۔

مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز کی رواں برس اپریل سے کسی بھی مقام پر اکھٹے کوئی تصویر نہیں اتاری گئی۔ مائیکل ڈگلس نے اپنے گلے کے سرطان کی وجہ اورل سیکس بتائی تھی اور بعد میں اس کی تردید کر دی تھی۔ اس بیان سے البتہ زیٹا جونز کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ اپنے ڈیپریش کے مسئلے کو عام کرنے پر بھی وہ ڈگلس پر برہم ہوئی تھیں۔ دونوں کے قریبی دوست کا کہنا ہے کہ یہ ضرور ہے کہ ڈگلس اور ان کی بیوی کے درمیان اعتماد کو ٹھیس پہنچنے کے بعد معاملات گہرے ضرور ہوئے ہیں۔ ایسے اندازے بھی لگائے گئے ہیں کہ مائیکل ڈگلس اور کیتھرین زیٹا جونز کچھ وقت علیحدہ رہنے کے بعد اپنے ازدواجی مسائل پر قابو پا لیں گے۔