1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مالی: جہادی گروپ نے کرائے کے چار روسی قاتلوں کو ہلاک کر دیا

16 اگست 2022

القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک جہادی گروپ نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ اس نے وسطی مالی کے بانڈیا گارا میں تصادم کے دوران چار کرائے کے قاتلوں کو ہلاک کر دیا۔ ان لوگوں کا تعلق روس کی نجی عسکری کمپنی واگنر سے تھا۔

https://p.dw.com/p/4FZtg
Afrika Wagner group in Mali
تصویر: French Army/AP/picture alliance

جہادی تنظیموں کے بیانات پر نگاہ رکھنے والے انٹلیجنس گروپ 'سائٹ' کے مطابق جماعت نصرت الاسلام و المسلمین (جے این آئی ایم) کے میڈیا ونگ نے ایک بیان میں کہا کہ موپتی علاقے میں اس کے جنگجووں اور کرائے کے قاتلوں کے درمیان ہفتے کے روز جھڑپ ہوگئی۔

دو مقامی سرکاری عہدیداروں نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ اواخر ہفتہ کو بانڈیا گارا میں جہادیوں کے ہاتھوں چار روسی مارے گئے۔ ہسپتال کے ایک ذرائع نے بھی "لڑائی کے دوران چار روسیوں کی ہلاکت" کی تصدیق کی ہے۔

Mali Armee Frankreich Ménaka Sahelzone
تصویر: EtatMajordes Armées

مالی میں روسی کرائے کے قاتل

مالی سن 2012 میں اسلامی عسکریت پسندوں کے عروج کے بعد سے ہی عسکریت پسندی سے نبردآزما ہے جبکہ اس کا دائرہ  پڑوسی ملکوں تک پھیل چکا ہے۔ اس کی وجہ سے مغربی افریقہ کے ساحل علاقے میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

روس کی نجی عسکری کمپنی واگنر نے مالی فوج کو گزشتہ برس سینکڑوں 'کرائے کے قاتل' سپلائی کرنے شروع کیے تھے۔ اس کے بعد سے ہی حقوق انسانی کے گروپ اور مقامی رہائشی ان کرایے کے قاتلوں پر شہریوں کے قتل عام کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔ تاہم واگنر نے اب تک ان الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

واگنر کمپنی کی تعیناتی کی وجہ سے مالی پر ماضی میں حکمرانی کرنے والے اور اس کے روایتی حلیف فرانس نے ملک سے اپنی فوجیں نکال لی تھیں۔

روسی حکومت واگنر کمپنی کے اہلکاروں کی مالی میں موجودگی کا اعتراف تو کرتی ہے تاہم مالی حکومت کا کہنا ہے کہ انہیں نجی سکیورٹی خدمات فراہم کرنے کے بجائے روسی فوج کی جانب سے مالی فوج کو تربیت دینے کے لیے رکھا گیا ہے۔

 ج ا/ ص ز (اے ایف پی , روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید