1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

محمد یوسف: ریٹائرمنٹ کے قریب

27 مارچ 2010

پاکستان کے ممتاز بلے باز محمد یوسف کے حوالے سے یہ بات گردش کر رہی ہے کہ وہ پیر کو کھیل سے مکمل طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔

https://p.dw.com/p/MfrW
تصویر: AP

پاکستانی کرکٹ ٹیم مسلسل تنازعات کا شکار رہتی ہے۔ ایک پاکستانی اخبار کے مطابق اِس ٹیم کے مشہور زمانہ کرکٹر محمد یوسف نے کرکٹ بورڈ کے دو فیصلوں کی روشنی میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محمد یوسف کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے دوران خراب کارکردگی اور نظم و ضبط کے حوالے سے تا حیات پابندی کا سامنا ہے۔ اِس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اُن کو سینٹرل کنٹرکٹ بھی فراہم نہیں کیا۔

ایسا دکھائی دیتا ہے کہ وہ اِن باتوں پر رنجیدہ ہو کر کھیل کی دنیا کو خیر باد کہنے کے حتمی فیصلے پر پہنچ چکے ہیں اور اب صرف اِس کا اعلان ہونا باقی ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے بعد انہوں نے اپنے انٹرویز میں کھل کر سابق کپتان شعیب ملک کے کردار کے حوالے سے بات کی۔ دوسری جانب پاکستانی اور غیر ملکی کرکٹرز نے کھل کر یہ کہہ دیا تھا کہ محمد یوسف ایک اچھے بلے باز ضرور ہیں لیکن وہ قائدانہ صلاحیتوں سے عاری ہیں۔

Mohammad Yusuf
محمد یوسف کو پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کی ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہےتصویر: AP

پابندیوں کے حوالے سے یہ بھی کہا جانے لگا تھا کہ محمد یوسف کے نام پر انگلینڈ کے دورے کے لئے یقینی طور پر غور کیا جائے گا۔ اُن کے ساتھ ایسی پابندیوں کا سامنا ایک اور سینئر کھلاڑی اور سابق کپتان یونس خان کو بھی ہے۔ انگلینڈ کے دورے کے لئے کوچ وقار یونس کو محمد یوسف کی ریٹائر منٹ کا اعلان کرنے پر اُن کی کمی کا بہت زیادہ احساس ہو گا کیونکہ مڈل آرڈر بیٹنگ کا دارو مدار نوجوان اور کم تجربہ کار کھلاڑیوں پر آ جائے گا۔

یہ بات طے ہے کہ پاکستانی کرکٹ کے مسائل بے شمار ہیں اور اِن کے حل کے لئے بہت وقت درکار ہیں۔ ٹیم کے نظم و ضبط کے حوالے سے خاصا شور برپا ہے۔

محمد یوسف گزشتہ دس بارہ سالوں کے دوران انضمام الحق کے بعد پاکستان کے سب سے مستند بلے باز تصور کئے گئے ہیں۔ اُن کی ٹیسٹ کرکٹ اور ایک روزہ میچوں میں شاندار کارکردگی تعریف کی محتاج نہیں ہے۔ وہ کریز پر کھڑے ہو کر انتہائی باوقار انداز میں بیٹنگ کرتے تھے۔ اُن کا سٹروک لگانے کا قدرتی انداز تھا اور اسی باعث اُن کی شارٹس میں ایک ایلیگنس پایا جاتا تھا۔

محمد یوسف نے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں انتالیس سینچریاں بنا رکھی ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے سات ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو دو ماہ بعد انگلینڈ میں چھ ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں، جن میں دو آسٹریلیا کے خلاف اور چار انگلینڈ کی ٹیم کے ساتھ شیڈیولڈ ہیں۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ملکی حالات کے باعث لمبے دورانیے کی کرکٹ کا تجربہ کافی کم ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف توقیر