مزارِ جناح پر نعرے بازی، کیپٹن صفدر گرفتار
19 اکتوبر 2020کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے میں شرکت کے لیے اپنی اہلیہ مریم نواز کے ساتھ آئے کیپٹن صفدر کو پیر کی صبح ہوٹل سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں واقع مزار قائد پر فاتحہ خوانی کے بعد انہوں نے 'ووٹ کو عزت دو‘ کے نعرے لگوائے۔
نواز شریف خود فوج کے ذریعے ہی اقتدار تک پہنچے، عمران خان
جنرل باجوہ صاحب آپ کو جواب دینا پڑے گا، نواز شریف
اپنے شوہر کی گرفتاری کے حوالے سے مریم نواز نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا، ''ہم سوئے ہوئے تھے، جب پولیس نے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر کيپٹن صفدر کو گرفتار کیا۔‘‘
معروف صحافی طلعت حسین نے ہوٹل کے کمرے کے باہر کی ایک مختصر ویڈیو بھی ٹوئٹ کی ہے، جس ميں دکھائی دیتا ہے کہ دروازہ طاقت کے ذریعے کھولا گیا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے شپنگ علی زیدی نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق کيپٹن صفدر کی جانب سے مزار میں نعرے بازی کے بعد ایک شکایت درج کرائی گئی، جس میں شکایت کنندہ کا موقف تھا کہ انہوں نے کیپٹن صفدر کو نعرے بازی سے روکا تاہم وہ باز نہ آئے۔ اس شکایت کے مطابق، کيپٹن صفدر نے مزار جناح کی تکریم کو پامال کیا ہےکیوں کہ اس مقام پر قانونی طور پر سیاسی نعرے بازی کی ممانعت ہے۔
اس معاملے پر مریم نواز کے ترجمان اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری اصل میں اپوزیشن اتحاد کو نقصان پہنچانے کی ایک کوشش ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے اس مقدمے سے دوری اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت اس گرفتاری کے ذریعے سارا ملبہ سندھ حکومت پر ڈالنا چاہتی ہے، تاکہ حکومت مخالف اتحاد میں دراڑیں پڑیں۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے وزیر سعید غنی نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں اس گرفتاری کی مذمت کی ہے اور اسے اپوزیشن اتحاد کو نقصان پہنچانے کی ایک کوشش سے تعبیر کیا ہے۔
سعید غنی کہتے ہیں، ''مزار قائد پر کیپٹن صفدر نے جو کچھ کیا وہ نامناسب تھا لیکن جس انداز میں کراچی پولیس نے گرفتاری کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔کیپٹن صفدر کی گرفتاری سندھ حکومت کی ہدایات پر نہیں ہوئی۔ پولیس کا یہ اقدام PDM کی جماعتوں میں خلیج پیدا کرنے کی سازش کا حصہ ہے جسے ہم ناکام بنائیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے کراچی میں ایک بڑے احتجاجی جلسے کا انعقاد کیا۔ اس جلسے میں ایک مرتبہ پھر ملکی فوج پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے سابقہ انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرایا۔
یہ بات اہم ہے کہ پاکستان میں اپوزیشن کی نو جماعتوں نے مل کر گزشتہ ماہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ تشکیل دی تھی۔ اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ تمام جماعتیں پاکستانی عوام کو بچانے اور تحفظ دینے کے لیے جمع ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا، ''اگر حکومت کو پانچ برس مکمل کرنے دیے گئے، تو ملک تباہ ہو جائے گا۔‘‘