بشار الاسد کی اہلیہ کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی
10 دسمبر 2024اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ حکومت اسما الاسد کی برطانوی شہریت ختم کرے گی یا نہیں۔
شام کے سابق صدر بشار الاسد کی بیوی اسما الاسد سن 1975 میں لندن میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے وہیں اپنی تعلیم مکمل کی۔ حالیہ اطلاعات کے مطابق وہ اپنے شوہر کے اقتدار کے خاتمے کے بعد ان کے ساتھ ماسکو میں پناہ گزین ہیں۔
اتوار کے روز بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد باغی گروہوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضہ کر لیا تھا۔
پیر کی شام اس حوالے سے ہاؤس آف کامنز میں سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ڈیوڈ لیمی کا کہنا تھا، ’’میں نے پچھلے چند دنوں میں یہ کئی بار سنا ہے کہ اسما الاسد، جو ممکنہ طور پر برطانوی شہریت کی حامل ہیں، یہاں آنے کی کوشش کر سکتی ہیں اور میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ان کے برطانیہ میں داخلے پر پابندی عائد ہے اور انہیں یہاں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘
اسما الاسد کی برطانوی شہریت ختم کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اس معاملے پر حتمی فیصلہ کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام میں صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور اس وقت ہمارے لیے انتہائی ضروری ہے کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مسلسل بات چیت جاری رکھیں تاکہ آئندہ کی پیش رفت پرامن طریقے سے ہو۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ موجودہ حالات پیچیدہ اور خطرناک ہیں، تاہم ان تمام چیلنجز کا بہترین حل تب ہی ممکن ہے، جب ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔
برطانوی کابینہ کے سینئر وزیر پیٹ میکفڈن نے پیر کے روز برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی ریڈیو 4 کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران بتایا کہ حکومت کو اسما الاسد کے برطانیہ آنے سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔
ح ف / ا ا (پی اے میڈیا، ڈی پی اے)