1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مفت اور لازمی تعلیم ہر بچے کا حق ہے، ڈاکٹر سنگھ

1 اپریل 2010

بھارت میں آج سے بچوں کے لئے لازمی تعلیم کے قانون پر عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔بھارتی وزیر اعظم نے ٹیلی وژن پر اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہر بچےکو تعلیم تک رسائی حاصل ہونا چاہیے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہو۔

https://p.dw.com/p/Mk1v
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ ہر بچےکو تعلیم تک رسائی حاصل ہونا چاہیے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی طبقے سے ہوتصویر: UNI

’مفت اور لازمی تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے،‘ دنیا کے کئی معاشروں میں اس پر عمل کیا جا رہا ہے۔ اب اس فہرست میں بھارت میں بھی شامل ہوگیا ہے۔ بھارت میں بچوں کے لئے مفت تعلیم کی سکیم پانچ سالوں کے لئے ہے۔ اس دوران اندازاً 38 بلین ڈالرکے برابر مالی وسائل خرچ کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں زیادہ تر رقوم صوبے فراہم کریں گے جبکہ بقیہ مرکزی حکومت دے گی۔ بھارتی وزیراعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ مالی وسائل کی دستیابی کی صورت حال کو اس اسکیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔

Auftakt der Volkszählung in Indien
اس اسکیم پر اندازاً 38 بلین ڈالرکے برابر مالی وسائل خرچ کئے جائیں گےتصویر: AP


بھارت میں بچوں کے لئے لازمی تعلیم کا وعدہ 1950ء میں کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے گزشتہ برس ہی قانون منظورکیا گیا تھا اور اب اس پر عمل درآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔ ایک اندازےکے مطابق اس پروگرام سے چھ سے چودہ برس تک کی عمرکے تقریباً ایک کروڑ بچے مستفید ہو سکیں گے اور اوسطا ہر تیس بچوں کے لئے ایک ٹیچر موجود ہو گا۔

بھارت ہر سال اپنے بجٹ کا تین فی صد دیہی علاقوں میں نئے اسکولوں کی تعمیر اور بنیادی تعیلم پر خرچ کرتا ہے اور اس کے باوجود بھی چودہ سال تک کی عمر کے آٹھ ملین بچے ابھی تک اسکول نہیں جاتے۔ اس فیصلے پر قانونی عملدرآمد کے لئے موجودہ حکمران پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی کو ایک ایسے پینل کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے جو حکومت کو سوشل پروگراموں سے متعلق مشورے دے گا۔

Weltkindertag Kinderarbeit Proteste von Kindern in Hyderabad Indien
اس اسکیم سے تقریباً ایک کروڑ بچے مستفید ہو سکیں گےتصویر: AP

بھارت میں خواندگی کی شرح 64 فیصد ہے لیکن کئی جائزوں سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو بمشکل لکھ پڑھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سی ریاستوں میں اسکول غیر معیاری ہیں اور اساتذہ غیر تربیت یافتہ۔ اقوام متحدہ کے بچوں کی بہبود کے ادارے یونیسف نے بھارتی حکومت کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے۔ یونیسف کے مطابق اس طرح خواندگی کو بڑھانے کے لئے طے کئے گئے ہزاریہ اہداف کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔


رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : مقبول ملک