1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ملائیشیا: توہین مذہب کے الزام میں مقبول گلوکار گرفتار

عابد حسین22 اگست 2016

ملائیشیا کی ایک عدالت نے مذہب اسلام کی توہین کرنے کے الزام کے تحت معروف گلوکار نامیوی کی گرفتاری کی توثیق کر دی ہے۔ عدالت نے اس گلوکار کو فی الحال چار ایام کے لیے حراست میں رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Jmql
تصویر: Getty Images/AFP

ملائیشیائی گلوکار نامیوی نے تقریباً ایک ڈیڑھ ماہ قبل ایک متنازعہ ویڈیو ریلیز کی تھی۔ اس ویڈیو میں نامیوی کو ملائیشیا کے مختلف مذہبی مقامات بشمول مساجد کے سامنے کھڑے ہو کر گاتے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کا ٹائٹل ’او مائی گاڈ‘ ہے۔ اس گیت کے خلاف کئی لوگوں نے پولیس کو شکایت درج کرائی کہ یہ ویڈیو نہ صرف دل آزاری کا باعث ہے بلکہ اس ویڈیو سے مذہب اسلام کی توہین بھی ہوتی ہے۔

نامیوی کا موقف اِس سے مختلف ہے اور اُن کا خیال ہے کہ یہ گیت مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ریلیز کیا گیا تھا۔ ملائیشیا کے علاقے پینانگ کے پولیس چیف عیدالغفار رجب نے نامیوی کی حراست کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہےکہ اُسے عوامی شکایت کے تناظر میں پابند کیا گیا ہے۔

عام لوگوں کے علاوہ بیس مختلف مذہبی تنظیموں نے ’او مائی گاڈ‘ ویڈیو کے خلاف شکایات درج کروائی ہیں۔ کئی سرکاری ادارے بھی نامیوی کے گیتوں پر تحفظات رکھتے ہیں۔

Malaysia Sänger Namewee Rapper
نامیوی چینی زبان میں کے گلوکار ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/S.Yeh

پولیس نے کوالالمپور کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر نامیوی کو گرفتار کیا۔ وہ غیر ممالک میں میوزیکل پرفارمنس دینے کے بعد واپس لوٹے تھے۔ پولیس افسر عبدالغفار رجب کا کہنا ہے کہ اگر الزام ثابت ہو گیا تو نامیوی کو کم از کم دو برس کی قید سزا سنائی جا سکے گی۔

تینتیس برس کے مقبول گلوکار نامیوی کا اصل نام وی مینگ چی ہے۔ اُن کے گیت بنیادی طور پر مغلظات اور گالیوں سے لبریز قرار دیے جاتے ہیں۔ چینی زبان میں گیت گانے والے اِس گلوکار کو پانچ برس قبل شہرت حاصل ہوئی تھی اور اُن کے گیت اور ویڈیوز خاص طور پر چین اور تائیوان میں غیرمعمولی طور پر مشہور ہیں۔

چینی زبان میں پاپ موسیقی کے گلوکار ماضی میں بھی تنازعات کی زد میں رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ملائیشیائی قومی ترانے کی ویڈیو بھی بنائی تھی۔ اِس ویڈیو پر بھی انہیں سزا ہوتے ہوتے رہ گئی تھی۔ چند روز قبل انہوں نے اپنی ویڈیو ’او مائی گاڈ‘ کا نیا ورژن اپ لوڈ کیا ہے اور اُس میں خاص طور پر مسجد کے سامنے گیت گانے کے مناظر کو ہذف کر دیا ہے۔