1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

موٹر ریسنگ: مونزا گراں پری ریس الونسو کے نام

13 ستمبر 2010

اتوار کو اٹلی میں مونزا کے مقام پر فارمولا وَن ورلڈ ڈرائیورز چیمپئن شپ کی گراں پری ریس اسپین سے تعلق رکھنے والے فیراری ڈرائیور فیرنانڈو الونسو نے جیت لی۔ فیراری ٹیم کے ڈرائیور کے طور پر اٹلی میں یہ اُن کی پہلی فتح ہے۔

https://p.dw.com/p/PB5x
اپنی جیت پر شاداں الونسوتصویر: AP

اٹلی بھر میں فیراری ٹیم کی اِس کامیابی کا جشن شاندار طریقے سے منایا جا رہا ہے۔ دو مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والے الونسو بھی اپنی اِس کامیابی پر بے حد خوش تھے:’’میری کیفیت کچھ ویسی ہی ہے، جیسی کہ 2006ء میں ہسپانوی گراں پری جیتنے پر تھی۔مَیں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ اتنا اچھا ہو گا۔ یہاں انسانوں کا ایک سمندر ہے اور دور دور تک لہراتے فیراری کے سرخ پرچم۔ یہ جیت بہت ہی خاص جیت ہے، یہ ایک جذباتی فتح ہے۔‘‘

مونزا گراں پری ریس میں میکلارن مرسیڈیز ٹیم کے عالمی چیمپئن برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن نے دوسری جبکہ فیراری کے برازیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی فلیپے ماسا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

Großer Preis von Italien GP Monza 2010
فیراری کے لہراتے سرخ پرچموں کے سائے میں گاڑی دوڑاتے ہسپانوی ڈرائیور فیرنانڈو الونسوتصویر: AP

اطالوی گراں پری ریس موجودہ سیزن کی مجموعی طور پر اُنیس ریسوں میں سے چودہویں ریس تھی، جس کے بعد مجموعی کارکردگی کے اعتبار سے ریڈ بُل ٹیم کے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور مارک وَیبر ایک سو ستاسی پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر یر ہیں۔ اتوار کی ریس میں وہ محض چھٹی پوزیشن حاصل کر سکے تھے۔

ایک سو بیاسی پوائنٹس کے ساتھ برطانیہ کے لوئیس ہیملٹن دوسرے نمبر پر جا رہے ہیں، جو اتوار کو قبل از وقت ہی ریس سے خارج ہو گئے تھے۔ اٹلی کی مونزا گراں پری ریس کے فاتح ہسپانوی ڈرائیور فیرنانڈو الونسو ایک سو چھیاسٹھ پوائنٹس کے ساتھ اب تک مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کئے ہوئے ہیں۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: مقبول ملک