ميکسيکو کے قريب شديد زلزلہ، سونامی کا انتباہ جاری
8 ستمبر 2017ميکسيکو کے جنوبی حصے کے قريب جمعرات اور جمعے کی درميانی شب آنے والے 8.1 شدت کے زلزلے کے بعد قريبی علاقوں کے ليے سونامی کا انتباہ جاری کر ديا گيا ہے۔ امريکی جيولوجيکل سروے کے مطابق يہ زلزلہ ميکسيکو سٹی ميں مقامی وقت کے مطابق شب 11.49 منٹ پر آيا۔ زلزلے کا مرکز ٹپاچولا شہر سے 165 کلوميٹر مغرب کی طرف اور پينتيس کلوميٹر کی گہرائی ميں تھا۔ زلزلے کے بعد وسطی امريکا کے متعدد ممالک بشمول ال سلواڈور، کوسٹا ريکا، گوئٹے مالا، نکاراگوا، پاناما اور ہنڈوراس کے ليے صونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ حکام کی مطابق انتہائی خطرناک اور اونچی لہريں ان ممالک کے علاوہ ميکسيکو اور ایکواڈور تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے ايسوسی ايٹڈ پريس کی رپورٹوں کے مطابق يہ زلزلہ اس قدر طاقت ور تھا کہ ميکسيکو سٹی کے رہائشی بھی رات کے وقت سڑکوں پر نکل آئے، گو کہ يہ شہر زلزلے کے مرکز سے ايک ہزار کلوميٹر کی دوری پر واقع ہے۔ قريب ايک منٹ سے زائد وقت تک کئی عماريں ہلتی رہيں، جس سبب لوگوں کے مکانات ميں ٹوٹ پھوٹ بھی ہوئی۔ متعدد علاقوں ميں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔ البتہ اب تک موصول ہونے والی رپورٹوں ميں کسی بڑے جانی نقصان کی اطلاع نہيں ہے۔ تاہم ميکسيکو سے موصول ہونے والی تازہ رپورٹس ميں دو ہلاکتوں کا بتايا جا رہا ہے۔
دريں اثناء گوئٹے مالا کے صدر جمی مورالس نے قومی نشرياتی ادارے پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے تحمل مزاجی کا مطالبہ کيا ہے۔ انہوں نے بتايا کہ گوئٹے مالا ميں ايک شخص کی ہلاکت کی اطلاع ہے تاہم اس کی ابھی تک تصديق نہيں ہو پائی ہے۔