1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے حملوں کی دھمکی، القاعدہ کا نیا آڈیو پیغام

9 فروری 2010

القاعدہ کی یمنی شاخ نے امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کے مفادات پر براہ راست حملوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پیر کے روز اس دہشت گرد تنظیم کے نائب سربراہ سعید الشہری کی منظر عام پر آنے والی ایک آڈیو ٹیپ میں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/Lwg7
ایک مبینہ امریکی ڈرون حملے میں الشہری کی ہلاکت کی اطلاعات بھی کچھ عرصے قبل سامنے آئی تھیںتصویر: AP

سعید الشہری نے اپنے آڈیو پیغام میں کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے مفادات کو ہرجگہ حملوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔ الشہری نے سعودی عرب اور مصر پر بھی امریکہ کے اتحادی ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے حملوں کی دھمکی دی۔ الشہری نے مسلمانوں سے اس جنگ میں شریک ہونے کی اپیل بھی کی۔ ’’حملہ کرو اور جتنا کچھ ختم کر سکتے ہو، کر دو۔‘‘

اس سے قبل یہ تنظیم کرسمس کے روز ایک امریکی مسافر طیارے کو بم حملے کے ذریعے تباہ کرنے کی ناکام کوشش کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس حملے کی کوشش میں زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے نائیجیریا کے شہری عمر فاروق عبدالمطلب کو امریکہ میں مقدمے کا سامنا ہے۔ گرفتار مبینہ دہشت گرد نے ابتدائی تفتیش میں بتایا تھا کہ اس نے یمن میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی تھی اور وہیں سے اُس نے اِس حملے میں استعمال ہونے والا طاقتور دھماکہ خیز مواد بھی حاصل کیا تھا۔

اس آڈیو پیغام میں الشہری نے عباالمطلب کی تعریف بھی کی۔ یہ آڈیو پیغام شدت پسندوں کی ایک ویب سائٹ پر جاری ہوا ہے۔ الشہری نے اپنے آڈیو پیغام میں یہ بھی کہا اس حملے کے لئے اسامہ بن لادن سے بھی مکمل مشاورت کی گئی تھی۔ اس سے قبل اسامہ بن لادن نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں اس حملےکی ذمہ داری قبول کی تھی۔ الشہری نے اسامہ بن لادن کے آڈیو پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: ’’ہم وہ دہراتے ہیں، جو ہمارے شیخ اسامہ نے کہا تھا۔ فلسطین میں امن قائم کئے بغیر امریکہ اپنے ہاں امن کے خواب دیکھنا چھوڑ دے۔‘‘

Jemen Armee Schiiten Houti Rebellen Al Quaida Saudi-Arabien
یمنی فوج القاعدہ کے خلاف بڑے آپریشن میں مصروفتصویر: AP

الشہری کونومبر سن 2007ء میں گوانتانامو کے امریکی حراستی مرکز سے رہا کیا گیا تھا۔ الشہری نے اپنے آڈیو پیغام میں عرب مسلمانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اور اپنے مذہب کی حفاظت کے لئے مسلح ہوجائیں اور جنگ شروع کر دیں۔

’’کرسچین، یہودی اور اپنے ممالک کے کٹھ پتلی حکمرانوں کے چنگل سے باہر نکلنے کا کوئی اور راستہ نہیں، سوائے اس کے کہ اُن کے خلاف علم جنگ بلند کر دیا جائے۔‘‘

الشہری نے یمن میں مبینہ امریکی ڈرون حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ جاسوس طیارے یمنی عورتوں اور بچوں کو قتل کر رہے ہیں۔

اس سے قبل دسمبر میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ القاعدہ کے یہ رہنما ایک امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں تاہم عسکریت پسندوں نے ان اطلاعات کی تردید کی تھی اور الشہری کی ایک ویڈیو جاری کی تھی۔

سن 2009ء میں یمنی اور سعودی القاعدہ کے انضمام کے بعد الشہری اس دہشت گرد تنظیم کے نائب سربراہ منتخب کئے گئے تھے۔ اپنے آڈیو پیغام میں الشہری نے یہ بھی کہا کہ ان کا گروپ خلیج عدن اور ریڈ سی کا کنٹرول سنبھال کر امریکی مفادات پر حملے کرے گا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی