1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نئے یونانی وزیراعظم نے اپنا پہلا غیر ملکی دورہ شروع کر دیا

عابد حسین2 فروری 2015

یونان میں گزشتہ ماہ قائم ہونے والی بائیں بازو کی نئی حکومت کے سربراہ الیکسِس سپراس نے اپنے پہلے غیر ملکی دورے کا آغاز قبرص سے کیا ہے۔ اُن کے وزیر خزانہ واروفاکیس پیرس کے بعد اب لندن پہنچ چکے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EUM7
یونانی وزیراعظم سپراس اور قبرصی صدر نکوس اناستاسیاڈیستصویر: Reuters/Yiannis Kourtoglou

مالی مشکلات کے شکار یورپی ملک یونان کے بائیں بازو کے وزیراعظم الیکسِس سِپراس آج صبح اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر قبرص پہنچے، جہاں اُنہوں نے دارالحکومت نکوسیا میں قدامت پسند صدر نکوس اناستاسیاڈیس(Nicos Anastasiades) سے ملاقات کی۔ یہ امر اہم ہے کہ یونان کی طرح قبرص کو بھی مالی بحران کا سامنا ہے اور اِس نے بھی سن دو ہزار تیرہ میں مالیاتی پیکج قبول کرنے سے قبل قرض دینے والوں کی کڑی شرائط کو قبول کیا تھا۔ وہ اِسی برس کمیونسٹ رہنما ڈیمٹریس کرسٹوفیاس کی جگہ صدر بنے تھے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق بائیں بازو کے یونانی وزیراعظم کو قبرصی دورے پر قدامت پسند صدر سے کسی بڑے فائدے کی امید کم ہے۔

یونانی وزیراعظم سپراس نے نکوسیا پہنچ کر کہا کہ قبرص ہمیشہ سے یونانیوں کے دل و دماغ میں بستا ہے۔ یونانی صدر کے ہمراہ سپراس نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی شرکت کی۔ نئے یونانی وزیراعظم نے دونوں قبرصی حصوں کے انضمام کی معطل شدہ بات چیت میں اناستاسیاڈیس حکومت کے مؤقف کی حمایت بھی کی۔ ہفتے کی شام یونانی وزیراعظم الیکسِس سِپراس نے یورپی مرکزی بینک کے صدر ماریو دراگی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی تھی۔ سِپراس رواں ہفتے کے دوران اطالوی وزیراعظم ماتیو رینسی اور فرانسیسی صدر اولانڈ کے علاوہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

Finanzminister Treffen in Paris Yanis Varoufakis und Michel Sapin
یونانی وزیرخزانہ وارُوفاکِس اپنے فرانسیسی ہم منصب مشیل ساپاں کے ہمراہتصویر: REUTERS/Jacques Demarthon/Pool

وارُوفاکِیس لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب جورج اوسبورن سے ملاقات میں بیل آؤٹ پیکج کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ انگلش وزیر خزانہ کے مطابق یورپی اقتصادیات میں استحکام پائیدار اقتصادی نمو میں مضمر ہے۔ یونانی وزیر خزانہ نے اپنے حالیہ دوروں سے قبل کہا تھا کہ وہ پہلے سے دیے گئے قرضوں پر ایک نئی ڈیل کے ذریعے اپنے ملک کو قرضوں کی لعنت سے نجات دلوانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے دوروں سے یونانی بازار حصص میں آج تیزی دیکھی گئی۔

امریکی صدر باراک اوباما نے نیوز چینل سی این این کے ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ یونان کی نئی حکومت اُس وقت تک ملکی اقتصادیات کو بحال نہیں کر سکتی جب تک وہ پوری طرح بچتی پالیسی کے پروگرام پر عمل نہیں کرتی۔ اوباما کے مطابق یونانی اقتصادیات کو اصلاحاتی عمل کی اشد ضرورت ہے۔ اسی انٹرویو میں امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ کساد بازاری کے شکار ممالک کو مالیاتی امداد کے تناظر میں بہت زیادہ نچوڑنا کسی طور پر فائدہ مند نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اِس امید کا بھی اظہار کیا کہ یونان یوروزون میں ہی رہے گا لیکن اُسے مختلف پہلوؤں پر سمجھوتے کرنا پڑیں گے۔