نوٹرے ڈیم، جو جنگوں میں بھی محفوظ رہا
جنگوں اور انقلابوں میں بھی محفوظ رہنے والا نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل کئی صدیوں سے پیرس میں ایستادہ ہے۔ اس کی نہ صرف مذہبی حیثیت ہے بلکہ اسے مغربی فن تعمیر کا تاج بھی کہا جاتا ہے۔ تاریخ دان اسے تہذیبوں کی یاد گار قرار دیتے ہیں۔
فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے وسطی حصے میں واقع تاریخی نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل کو پیر کی رات اچانک لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر ماکروں نے اس کلیسا کو ’قوم کی روح‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تعمیر نو کا اعلان کیا ہے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل میں یہ آگ کئی گھنٹے تک لگی رہی، جس دوران صدیوں پرانے اس کلیسا کا ایک بلند مینار منہدم بھی ہو گیا۔
یہ ساڑھے آٹھ سو سال پرانا کیتھیڈرل یونیسکو کی عالمی ثقافتی میراث کی فہرست میں بھی شامل ہے اور کئی گھنٹے بعد بجھائی جا سکنے والی آگ سے اس کلیسائی عمارت کی شدید نقصان پہنچا ہے۔
گزشتہ روز خدشہ تھا کہ آگ کے شعلے کلیسا کی عمارت کو مکمل طور پر جلا کر راکھ کر دیں گے۔ جب اس تاریخی عمارت کو آگ لگی تو وہاں سینکڑوں کی تعداد میں سیاح اور مقامی شہری بھی موجود تھے۔
پیرس میں سیاحوں کے اس پسندیدہ ترین کیتھیڈرل کو گزشتہ کئی صدیوں میں تعمیر کیا گیا تھا، اسی وجہ سے اسے فرانسیسی ثقافت اور تاریخ کا امین بھی قرار دیا جاتا ہے۔
پیرس میں فائر بریگیڈ کے سربراہ ژاں کلاؤڈ گالیٹ کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل کے بنیادی ڈھانچے کو بچا اور محفوظ بنا لیا گیا ہے۔‘‘
دوسری جانب فائیر بریگیڈ کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل گابرئیل پلس کا کہنا تھا، ’’پوری چھت تباہ ہو گئی ہے۔ تہہ خانے کا ایک حصہ منہدم ہو چکا ہے جبکہ مینار بھی باقی نہیں بچا۔‘‘
فرانس کے سیکریٹری داخلہ لوراں نونز کا منگل کی صبح صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آگ کے خطرے کے بعد اب اس عمارت کے ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
تاریخ دانوں نے اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے کیوں کہ یہ عمارت تقریباﹰ ایک ہزار سال سے فرانس کی ایک علامت تھی۔ مشہور تاریخ دان بیرنارڈ لاکموٹ کا کہنا ہے، ’’اگر ایفل ٹاور پیرس ہے تو نوٹرے ڈیم فرانس ہے۔‘‘
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں بھی کل نصف شب کے قریب موقع پر پہنچ گئے تھے۔ انہوں نے وہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوٹرے ڈیم فرانس اور انسانیت کی میراث کا ایک حصہ ہے، جس کی جلد از جلد تعمیر و مرمت کی جائے گی۔
فرانس کے ارب پتی بزنس مین بیرنارڈ آرنو کے خاندان نے پیرس میں آتشزدگی سے بری طرح متاثر ہونے والے تاریخی نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل کی تعمیر نو کے لیے دو سو ملین یورو کے عطیے کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم دو سو چھبیس ملین امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔ اسی طرح ایک اور ارب پتی فرانسیسی بزنس مین فرانسوا پینو نے بھی سو ملین یورو عطیہ کرنے کا علان کیا ہے۔