ورلڈ پریس فوٹو: سال کی بہترین تصاویر
ہینری کارٹیئر بریسن کے بقول ’ایک اچھی تصویر وہ ہوتی ہے، جس پر نگاہ ایک سیکنڈ سے زائد ٹکی رہے۔‘ ’ورلڈ پریس فوٹو 2019ء ‘ کا تصویری مقابلہ ان کے اس قول کو آج بھی درست ثابت کرتا ہے۔
سال کی بہترین تصویر: بارڈر پر روتی ننھی بچی
میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر ہونڈوراس سے تعلق رکھنے والی پناہ گزین سانڈرا کو حراست میں لیا جار رہا ہے۔ فوٹوگرافر جون مُور کی اس تصویر میں دو سالہ یانیلا سانچیز اپنی والدہ کی گرفتاری پر رو رہی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کی مہاجرین کے خلاف سخت پالیسی کے نتیجے میں متعدد پناہ گزین والدین اپنے بچوں سے الگ کر دیے گئے۔
سال کی بہترین کہانی: مہاجرین کا کارواں
’ایجنسی وی یو‘ سے منسلک ڈچ فوٹوگرافر پیٹر ٹین ہوپن نے گزشتہ برس اکتوبر میں پناہ کی تلاش میں امریکا کا رخ کرنے والے مہاجرین کی یہ تصویر بنائی تھی۔ اس وقت ہنڈورس سمیت دیگر وسطی امريکی ممالک سے ہزاروں تارکين وطن مختلف قافلوں کی صورت میں میکسیکو کے راستے امريکی سرحد کی طرف بڑھ رہے تھے۔
عصری مسائل: کیوبا
ہوانا میں ایک کیوبن لڑکی نے بلوغت سے جوانی میں داخل ہونے کے روایتی جشن ’کوئن سیانیرا‘ کے سلسے میں 1950ء کی ایک پنک ’ونٹیج کار‘ میں سفر کیا۔ ڈیانا مارکوسیان کی اس تصویر کی خاص بات یہ بھی ہے کہ پندرہ سالہ لڑکی ’پورا‘ دماغ کے کینسر میں مبتلا تھی۔
ماحولیات: اکاشنگا ۔ بہادر شخص
زمبابوے کے ایک تالاب میں پیٹرونیلا چگُمبرا سنائپر رائیفل کے ساتھ خواتین فورسز کی ٹریننگ کر رہی ہے۔ زمبابوے میں خواتین کی یہ فورس ماحولیات اور جنگلی حیاتیات کا تحفظ کرتی ہیں۔ ان کو مقامی زبان میں ’اکاشنگا‘ یعنی ایک بہادر شخص کہا جاتا ہے۔ یہ تصویر گیٹی امیجز کے فوٹوگرافر بینٹ سٹرٹون نے بنائی ہے۔
حالات حاضرہ: جمال خاشقجی کا قتل
آسٹریلوی فوٹوگرافر کِرس میک گراتھ استنبول میں قائم سعودی سفارت خانے کے سامنے اس وقت موجود تھے جب سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خاشقجی کی وہاں سے گمشدگی بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی خبر بن گئی۔ اس تصویر میں سعودی سفارتخانے کا اہلکار صحافیوں کو سفارتخانے میں داخل ہونے سے روک رہا ہے۔
طویل دورانیہ کے منصوبے: قوم پرستی
دیمتروف میں موسیقی کے ایک مقابلے کے بعد چند روسی طلبا بیک اسٹیج میں لطف اندوز ہو رہی ہیں۔ امریکی اور روسی نوجوانوں میں بڑھتی قوم پرستی پر مشاہدے کے سلسلے میں دستاویزی فوٹوگرافر سارا بلیزنر نے دونوں ممالک میں متعدد مقامات کو دورہ کیا۔
فطرت: عقاب اور عرب
عرب میں عقاب یا باز کے شکار کی روایت صدیوں پرانی ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں اس جنگلی پرندے کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ منگولیا میں ایک باز اور اس کے بچوں کی تصویر گیٹی امیجز کے فوٹوگرافر بینٹ سٹرٹن نے بنائی ہے۔
کھیل: کٹنگا میں باکسنگ
کٹنگا کے رائنو باکسنگ کلب میں بچے باکسنگ کی ٹریننگ کرتے ہیں۔ کٹنگا یوگنڈا کے شہر کمپالا کی ایک بڑی کچی آبادی ہے۔ یہاں بیس ہزار سے زائد افراد شدید غربت کا شکار ہیں۔ اس کلب کو کسی قسم کی بیرونی مالی امداد موصول نہیں ہوتی۔ یہ تصویر ناروے کے فوٹوگرافر جون پیٹرسن نے بنائی ہے۔