ویمنز ورلڈ کپ: برازیل کوارٹر فائنل مرحلے میں
4 جولائی 2011یہ میچ اتوار کو جرمن شہر وولفسبرگ میں کھیلا گیا۔ برازیل کی جیت کا سہرا اس کی اسٹار فارورڈ کھلاڑی مارتا کے سر رکھا جا رہا ہے، جنہوں نے دو گول اسکور کیے۔
پانچ مرتبہ ورلڈ پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے والی مارتا نے زبردست کھیل دکھایا۔ آسٹریلیا کے خلاف اپنے افتتاحی میچ میں وہ ایسی کارکردگی دکھانے سے قاصر رہی تھیں، گو کہ برازیل نے وہ میچ بھی صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت لیا تھا۔
برازیل کی مِڈ فیلڈر روسانہ نے اب تک کھیلے گئے میچوں میں اپنا دوسرا گول کیا۔ ناروے کے خلاف کھل کا یہ تیسرا گول انہوں نے چھیالس منٹ کا کھیل گزر جانے کے بعد کیا۔
برازیل کے کوچ کلیٹن لیما نے میچ کے بعد کہا: ’’خدا کا شکر ہے کہ مارتا برازیلوی ہے۔ خدا کا شکر ہے وہ ہمارے اسکواڈ کا حصہ ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا: ’’وہ ماہر کھلاڑی ہونے کے باوجود بہت عاجزی کا مظاہرہ کرتی ہے۔
گروپ ڈی میں اب برازیل چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اس گروپ میں آسٹریلیا اور 1995ء کے چیمپیئن ناروے کو تین تین پوائنٹس حاصل ہیں۔ ان کے درمیان میچ بدھ کو کھیلا جائے گا اور اسی میچ کا نتیجہ ہی ان کی قسمت کا فیصلہ کرے گا۔
اُدھر گروپ ڈی کا ہی ایک اور میچ اتوار کو آسٹریلیا وار وسطی افریقہ کی ریاست ایکواٹوریل گینیا کے درمیان کھیلا گیا، جو آسٹریلیا نے دو کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔
آسٹریلوی کوچ ٹام سیرمانی کا کہنا ہے: ’’میں اس جیت سے بہت خوش ہوں۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم ابھی تک مقابلے کا حصہ ہیں۔‘‘
گروپ اے سے فرانس اور جرمنی اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔ گروپ بی سے جاپان آگے بڑھ رہا ہے جبکہ گروپ سی سے امریکہ اور سویڈن آگے نکل رہے ہیں جبکہ اگلے مرحلے سے پہلے ان کا ایک میچ ابھی باقی ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل/خبر رساں ادارے
ادارت: امتیاز احمد