1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹرمپ کی نیتن یاہو کو مبارکباد

10 اپریل 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں اچھی کارکردگی پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کو مبارکباد دی ہے۔ منگل نو اپریل کو ہونے والے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق نتین یاہو کی لیکوڈ پارٹی اتحادی حکومت قائم کر لے گی۔

https://p.dw.com/p/3GZgH
Benjamin Netanjahu mit Ehefrau Sara
تصویر: Reuters/A. Awad

اسرائیل میں منگل چھ اپریل کو ہونے والے عام انتخابات کے تقریباﹰ مکمل نتائج سامنے آ چکے ہیں جس کے بعد یہ بات واضح ہے کہ نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی دائیں بازو کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ایسے صورت میں بینجمن نیتن یاہو پانچویں مدت کے لیے ملک کے وزیر اعظم بن جائیں گے۔

نتین یاہو کے انتہائی حامی امریکی صدر ٹرمپ نے اس انتخابی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ نتین یاہو کی کامیابی سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے امکانات بڑھ گئے ہیں: ’’میرا خیال ہے کہ بی بی کی کامیابی کے ساتھ ہمارے پاس اس بات  کے بہتر امکانات ہیں۔‘‘

USA Weißes Haus in Washington | Donald Trump, Präsident
ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ نتین یاہو کی کامیابی سے اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔تصویر: picture-alliance/AP Photo/E. Vucci

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالیہ کچھ عرصے کے دوران اسرائیل کے حق میں کئی اقدامات کر چکے ہیں جن میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے اسرائیل میں واقع امریکی سفارت خانے کی یروشلم منتقلی اور گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کا حق تسلیم کرنے کا حالیہ فیصلہ شامل ہیں۔ گولان ہائٹس پر اسرائیل نے 1967ء کی جنگ میں قبضہ کر لیا تھا اور بین الاقوامی طور پر اس علاقے کو متنازعہ ہی قرار دیا جاتا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ نے چند روز قبل ایران کے پاسداران انقلاب کو بھی ایک ’غیر ملکی دہشت گرد تنظیم‘ قرار دے دیا ہے۔

Parlamentswahl in Israel Wahlparty Netanjahu Jubel
اس نتیجے کے بعد قوی امید ہے کہ نیتن یاہو کو ہی حکومت سازی کی دعوت دی جائے گی۔تصویر: picture-alliance/dpa/O. Weiken

ذرائع کے مطابق تقریباً تمام ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد بینجمن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ پارٹی اور فوج کے سابق سربراہ بینی گینتز کے ’بلیو اینڈ وائٹ‘ اتحاد کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد تقریباً برابر ہے۔ تاہم لیکوڈ پارٹی کے حصے میں 65 جبکہ بلیو اینڈ وائٹ اتحاد کے حصے میں 55 سیٹیں آئی ہیں۔ اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ کی 120 نشستیں ہیں۔ اس نتیجے کے بعد قوی امید ہے کہ نیتن یاہو کو ہی حکومت سازی کی دعوت دی جائے گی۔

ا ب ا / ا ا (روئٹرز)