1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستٹونگا

ٹونگا: زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے سے سونامی، ساحلی خطے زیر آب

15 جنوری 2022

جنوبی بحرالکاہل کی جزیرہ ریاست ٹونگا کے قریب زیر سمندر ایک بڑا آتش فشاں پھٹنے سے اس چھوٹے سے ملک کے کئی ساحلی علاقے زیر آب آ گئے۔ آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ، بھاپ اور گیس سمندر کی فضا میں بیس کلومیٹر اوپر تک پھیل گئیں۔

https://p.dw.com/p/45ZdB
تصویر: picture-alliance/dpa

صرف 747 مربع کلومیٹر رقبے اور ایک لاکھ چار ہزار کی آبادی والی پارلیمانی بادشاہت ٹونگا کے دارالحکومت نُوکُو آلوفا سے ہفتہ پندرہ جنوری کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ہُونگا ٹونگا ہُونگا ہاپائی نامی اس آتش فشاں کے پھٹنے کا عمل کل جمعے کے روز شروع ہوا، جو آج بھی جاری رہا۔

انڈونیشیا: آتش فشاں پھٹنے سے ہزاروں افراد متاثر

دنیا کے سب سے بڑے اور گہرے سمندرکی تہہ میں اس آتش فشاں کا پھٹنا اتنا شدید ارضیاتی عمل تھا کہ اس پہاڑ کے زیر آب دہانے سے نکلنے والی سیاہ راکھ، گرم بھاپ اور گیس نہ صرف سطح آب سے 20 کلومیٹر کی بلندی تک پہنچ گئیں بلکہ ساتھ ہی کئی بہت طاقت ور سونامی بھی پیدا ہو گئیں۔

کئی نشیبی ساحلی علاقے زیر آب

ان سونامی کی وجہ سے ٹونگا کے کئی نشیبی ساحلی علاقے زیر آب آ گئے۔ ٹونگا کے محکمہ ارضیات نے فوری طور پر تمام شہریوں کو اپنے گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کر دی۔ علاقائی سطح پر تو سونامی بڑی اونچی تھیں لیکن درمیان میں بہت زیادہ سمندری فاصلہ ہونے کی وجہ سے ان لہروں کے پیش نظر جزائر فیجی، ساموآ اور تقریباﹰ دو ہزار کلومیٹر دور ملک نیوزی لینڈ میں حکام نے سونامی کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی۔

Infografik Karte Tonga EN

آتش فشاؤں کا پھٹنا بڑے دریاؤں کے لیے نقصان دہ

ٹونگا کے قریبی سمندری علاقے میں یہ آتش فشاں گزشتہ ماہ دسمبر سے فعال ہے اور اس کے پھٹنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سونامی سے ملکی دارالحکومت نُوکُو آلوفا کے کئی علاقے بھی پانی میں ڈوب گئے۔

تیزابی بارش کے خلاف تنبیہ

ٹونگا میں حکام نے تنبیہ کی ہے کہ اس آتش فشاں کے پھٹنے اور ارد گرد کے سمندری علاقے میں فضا کے آلودہ ہو جانے کے نتیجے میں ٹونگا کے جزائر سمیت پورے خطے میں عنقریب تیزابی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

نیوزی لینڈ: آتش فشاں کے پھٹنے سے کم از کم پانچ ہلاک

ہُونگا ٹونگا ہُونگا ہاپائی نامی آتش فشاں جس جگہ سمندر کی تہہ میں پھٹا، وہ ٹونگا کے جزیرے فونُوآفو سے جنوب مشرق کی طرف صرف 30 کلومیٹر دور ہے۔ ٹونگا کے اس جزیرے کو فالکن آئی لینڈ بھی کہا جاتا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق آج ہفتے کے روز اس آتش فشاں کے پھٹنے سے کئی جزائر پر مشتمل اس ریاست کے بہت سے حصوں میں سیلاب آ گیا اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ عالمی وقت کے مطابق ہفتے کو قبل از دوپہر تک، جب ٹونگا میں ہفتے کو رات گئے کا وقت ہو چکا تھا، سونامی سے ہونے والے نقصانات کا ابتدائی اندازہ بھی نہیں لگایا جا سکا تھا۔

راکھ، بھاپ اور گیس کی پانچ کلومیٹر چوڑی چادر

اس آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد ٹونگا کے میڈیا نے اس سمندری علاقے کی سیٹلائٹ سے لی گئی جو تصاویر شائع کیں، ان میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح سطح سمندر سے 20 کلومیٹر اوپر فضا میں پھیل جانے والی سیاہ راکھ، بھاپ اور گیس کی چادر ہوا میں تقریباﹰ پانچ کلومیٹر (تین میل چوڑے) علاقے میں پھیلی ہوئی تھی۔

انڈونیشیا میں سونامی، ہلاکتوں کی تعداد 222 تک پہنچ گئی

عینی شاہد کا بیان

اس آتش فشاں کے پھٹنے کے بعد ایک مقامی صارف نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں سونامی کو ساحل سے ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر تاؤمےفولاؤ نامی اس صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا، ''میں سچ مچ اس آتش فشاں کے پھٹنے کی آوازیں سن سکتا ہوں، زور دار دھماکے، آسمان گہرے کالے دھوئیں کی چادر کی لپیٹ میں ہے اور راکھ کے ساتھ چھوٹے چھوٹے پتھروں والی بارش ہو رہی ہے۔‘‘

م م / ع ح (روئٹرز، ڈی پی اے، اے ایف پی)